موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ رحمن |
|
ایک شبہ اور اس کا ازالہ : جنات کے بارے میں مستقل احکام نہ ملنے کی وجہ سے بعض لوگوں کویہ شبہ ہوا کہ جنات کی طرف رسول نہیں بھیجے گئے،اوردین ان کیلئے نہیں ہے ۔آج میں نے امین اصلاحی صاحب کی’’تدبرقرآن‘‘دیکھی،یہ صاحب بھی مودودی صاحب سے متأثر ہیں۔ یہ عالم تو ہیں لیکن فکر مودودی صاحب والی تھی۔جب میں نے فَبِاَیِّ آلَاءِ رَبِّکُمَا تُکَذِّبَانِ کی تفسیر دیکھی تو انہوں نے وضاحت کے ساتھ لکھاہے کہ نبیجنوں کےپیغمبرنہیں تھے۔(نعوذ باللہ)یہ بات قرآن و حدیث اور عقیدۂ اہل السنۃ ولجماعۃ کے صریح خلاف ہے۔ حالانکہ دین ان کے لئے بھی ہے،چونکہ ان کی تبلیغ اورتعلیم کا نظام ہمارے سامنے نہیں ہے،اور باضابطہ مرودوں جیسا انہیں احکام کامخاطب نہیں بنایاگیا،اس وجہ سے یہ شبہ پیدا ہوگیا۔ اس کا جواب یہ ہے کہ جنات انسانوں کے تابع ہیں،اس لئے جب متبوع کا ذکر آگیا تو اب تابع کے ذکر کی ضرورت نہیں ہے،اس لئے ان کا ذکرنہیں کیا گیا۔ جیسے قرآن کریم میں جہاں مسائل کا بیان ہے تووہاں عموماً مرد مخاطب ہیں، مردوں کے صیغے سے خطاب کیا گیا ہے،عورتوں کا بیان نہیں ہے،کیونکہ عورت مرد کےتابع ہے اس لیے مردسے جب یہ کہا گیا کہ نمازپڑھو تو عورت بھی اس میں شامل ہوگئی۔مردکوکہا گیاکہ روزہ رکھوتوعورت بھی اس میں شامل ہوگئی، البتہ کہیں کہیں اللہ تبارک وتعالیٰ نے انہیں بھی مخاطب بنایا ہے،لیکن عموماً احکام میں مستقل طور پر ان کا ذکر نہیں ہے۔اسی طرح جنات بھی تابع ہیں ،اس لئے باضابطہ ان کا بھی ذکر نہیں کیا گیا۔