ملفوظات حکیم الامت جلد 11 - یونیکوڈ |
|
تھے کہ جس قدر نفس سے دوری ہے اسی قدر قرب حق تعالی حاصل ہے ۔ ( از تحریرات بعض ثقات ) حضرت مولانا گنگوہی کا مزاج ایک مرتبہ مولانا گنگوہی کے پاس حدیث کے درس میں اہل جنت کا ذکر آیا کہ مرد سبزہ آغاز بے ریش ہوں گے تو ایک طالب علم نے عرض کیا کہ حضرت مرد کے چہرہ کی زیبائش تو داڑھی سے ہے یہ سن جنتیوں کے لئے کیوں تجویز ہوا بے ساختہ آپ نے مسکرا کر جواب دیا ان کا مزہ ان سے پوچھو جو داڑھی منڈاتے ہیں ۔ ( از تحریرات بعض ثقات ) حضرت مولانا محمد قاسم صاحب کی گلاب سے محبت کا سبب ایک مرتبہ مولانا گنگوہی نے حاضرین مجلس سے فرمایا کہ مولانا محمد قاسم کو گلاب سے زیادہ محبت تھی جانتے بھی ہو کیوں تھی ۔ ایک صاحب نے عرض کیا کہ ایک حدیث ضعیف میں آیا ہے کہ گلاب جناب رسول اللہ علیہ و سلم کے عرق مبارک سے بنا ہوا ہے فرمایا ہاں اگرچہ حدیث ضعیف ہے مگر ہے تو حدیث ۔ ( از تحریرات بعض ثقات ) حضرت مولانا گنگوہی کے انتہائی متبع سنت ہونے کا واقعہ مولانا گنگوہی چونکہ بہت متبع سنت تھے ایک مرتبہ لوگوں نے کہا مسجد سے بایاں پاؤں نکالنا اور جوتا سیدھے پاؤں میں پہننا سنت ہے دیکھیں حضرت ان دونوں سنتوں کو کیسے جمع فرماتے ہیں لوگوں نے اس کا اندازہ کیا جب مولانا مسجد سے نکلنے لگے تو آپ نے پہلے بایاں پاؤں نکال کر کھڑاؤں پر رکھا جب سیدھا پاؤں نکالا تو کھڑاؤں کی کھنٹی انگوٹھے میں ڈالی اس کے بعد بائیں پاؤں میں کھڑاؤں پہنی سبحان اللہ کیسا دونوں سنتوں کو یکجا جمع فرمایا ہے ۔ ( از تحریرات بعض ثقات ) حضرت مولانا گنگوہی کو حضرت حاجی صاحب کا کونسا شعر پسند تھا مولانا گنگوہی فرماتے تھے کہ ہمیں تو حاجی صاحب کے درد نامہ میں ایک شعر پسند آیا