ملفوظات حکیم الامت جلد 11 - یونیکوڈ |
|
روزہ خوروں کے لئے ایک سبق فرمایا کہ بکثرت بعض کتوں کی نسبت یہ واقعہ سنا ہے کہ ہفتہ میں ایک دن ایسا ہوتا ہے جس میں وہ کتا نہیں کھاتا تھا اس کے بہت سے واقعات ہیں ۔ روزہ خوروں کو اس سے سبق حاصل کرنا چاہیے ۔ حیوۃ المسلمین کی اہمیت حضرت تھانوی کی نظر میں فرمایا حیوۃ المسلمین لکھنے میں مجھ پر بڑا تعجب ہوا ہے مضامین کے انتخاب میں بھی اور ان کی تسہیل میں بھی ، مجھے اپنے کسی عمل پر بھروسہ نہیں ہے مگر الحمد للہ اس عمل کی قدر ہے اور اس کی امید ہے اور یہ اس قابل ہے کہ داخل درس کی جائے ۔ عربی طلباء کو اگر عار ہو تو اس کو عربی میں کر لیں ۔ بزرگوں کا محض قرب اصلاح اعمال کیلئے کافی نہیں فرمایا کہ بزرگوں کے قریب سے اگر اصلاح کا اہتمام نہ کیا جائے تو بعض وقت اخلاق کا فساد بڑھ جاتا ہے اصلاح نہیں ہوتی ۔ ایک مولوی صاحب جو ایک بزرگ کے یہاں بڑے مقرب گویا ان کے میر منشی تھے انہوں نے مجھے ایک شخص کی سفارش لکھی کہ یہ بڑے شخص ہیں ان کی اس قدر تجارت ہے تو ان کی طرف توجہ ہو جانا چاہیئے میں نے اس پر ان کو سخت تنبیہ کی کہ مجھ پر ان کی تجارت و وجاہت کا اثر ڈالتے ہو اور لالچ دیتے ہو اس تنبیہ پر انہوں نے کوئی معذرت نہ کی میں سمجھا کہ شاید یہاں آ کر کچھ کہیں سنیں مگر جب یہاں آئے تب بھی انہوں نے اس پہلے لکھے ہوئے کی کوئی معذرت نہ کی جب چلنے لگے تو میں نے کہا کہ آپ نے یوں یوں لکھا ہے کہا جی ہاں غلطی ہو گئی تھی معافی چاہتا ہوں فرمایا اب بھی میرے یاد دلانے سے اور کہنے سے عذر کیا ۔ کہا کہ یہ خیال تھا کہ چلتے وقت عرض کروں گا میں نے کہا کہ چلنے تو لگے تھے میں نے ہی تو روک کر کہا فرمایا بس جی بعض لوگ تو اس وجہ سے ملتے ہیں کہ ہم نے اپنے بزرگوں کو ان سے ملتے ہوئے دیکھا ہے اور عقیدت خاک نہیں ۔