ملفوظات حکیم الامت جلد 11 - یونیکوڈ |
|
ایں چہ شوریست در دور قمر می بینم ہمہ آفاق پراز فتنہ و شرمی بینم حضرت نے ایک اور مجلس میں فرمایا تھا کہ دین کے اندر اتنا تغیر صدیوں میں بھی نہ ہوا ہو گا جس قدر اس چند یوم کی تحریک خلافت میں ہو گیا ۔ اے سرا پردہ یژب بخواب خیز کہ شد مشرق و مغرب خراب ( جامع ) بعض لوگ کہتے ہیں کہ ہندوستان میں سود حلال کر دو فرمایا کہ بعض لوگ کہتے ہیں مولویوں سے کہ ہندوستان میں سود حلال کر دو کیونکہ گو امام ابو یوسف کے خلاف ہے مگر امام ابو حنیفہ کا فتوی ہے کہ حربی سے سود کا لینا جائز ہے اور امام ابو یوسف کا قول کوئی حجت بھی نہیں میں کہا کرتا ہوں جی ہاں آپ کو امام صاحب کے تمام قولوں میں یہی ایک قول پسند آیا امام صاحب کا قول نماز میں ، روزہ میں داڑھی میں حجت نہیں ہے بس سود میں حجت ہے جیسے ایک شخص نے کسی سے پوچھا کہ قرآن میں تمام آیتوں میں تم کو کونسی آیت پسند ہے ؟ کہا کلوا واشربوا کسی نے اس کو ایک شعر میں اس طرح کہا ہے ہم توبہ جب کریں گے شراب و کباب سے قرآن میں جو آیا کلوا واشربوا نہ ہو اس کا ایک شخص نے خوب جواب دیا ہے تسلیم قول آپ کا ہم جب کریں گے جناب جب آگے واشربوا کے ولا تسرفوا نہ ہو پھر اس سے پوچھا دعاؤں میں کونسی دعا پسند ہے کہا ( ربنا انزل علینا مائدۃ من السماء ) جس کی سنت فرض سے مانع ہو اسے سنت سے روکا جائے گا فرمایا کہ کسی ثقہ سے سنا ہے کہ ایک بزرگ نے اپنے کسی مرید کو کسی جگہ بھیج دیا