ملفوظات حکیم الامت جلد 11 - یونیکوڈ |
ایک خاص ترکیب سے آدمی بنانیکا واقعہ فرمایا کہ عبدالوہاب شعرانی نے لکھا ہے کہ ایک شخص نے مادہ منویہ کو خاص ترکیب سے متعفن کر کے آدمی بنایا تھا اس میں روح بھی پڑ گئی تھی اور خوب پرورش پا کر بڑا بھی ہو گیا تھا مگر بولتا نہیں تھا آگے چل کر یہ بھی ہو جائے گا ۔ پھر عورتوں کی بھی ضرورت نہ رہے گی ( خود بنا لیا کریں ۔ جامع ) مجدد کے لئے صاحب علم ہونا ضروری ہے صاحب حکومت ہونا ضروری نہیں فرمایا کہ مجدد کے لئے صاحب حکومت ہونا ضروری نہیں ہے ۔ کبھی صاحب حکومت ہوتا ہے ۔ کبھی صاحب حکومت نہیں ہوتا بلکہ صرف عالم ہوتا ہے جو حق و باطل کو ممیز کر دیتا ہے اور ہر صدی پر ایک ہونا بھی ضروری نہیں بلکہ کبھی ایک کبھی دو کبھی کئی کئی بھی ہوتے ہیں سید احمد صاحب مجدد تھے اور وہ صاحب حکومت بھی ہو جاتے مگر شہید ہو گئے اور مجدد الف ثانی تصوف کے مجدد تھے ۔ ایسے ہی اس زمانہ میں ہمارے حضرت حاجی صاحب بھی تصوف کے مجدد تھے تصوف میں بہت خلط مبحث ہو گیا ہے مگر حضرت نے بہت تجدیدات فرمائی ہیں اور حضرت کی تجدیدات علوم معاملہ کے متعلق بہت ہیں ۔ مجدد کے واسطے نیا سلسلہ جاری کرنا ضروری نہیں ہے بلکہ ممکن ہے کہ وہ ایسا سلسلہ شروع کرے کہ اس سے پہلے وہ سلسلہ مٹ چکا ہو ( جیسا کہ اس وقت ہمارے حضرت نے فن تصوف کا جو مدت سے مردہ ہو چکا تھا احیاء فرمایا ۔ ( جامع ) ایک فریق کے بیان پر کبھی فیصلہ نہیں دینا چاہئے اس میں اکثر غلطی ہو جاتی ہے اسی ذیل میں حضرت داؤد علیہ السلام کا واقعہ مع رفع اعتراض فرمایا کہ میں کبھی ایک فریق کے بیان پر فیصلہ نہیں دیا کرتا اس میں اکثر غلطی ہو جاتی ہے اور روایات تو اکثر غلط ہوتی ہیں اور نہ کسی کو مقرب بناتا ہوں کیونکہ اس سے لوگ خائف رہتے ہیں ۔ داؤد علیہ السلام کا ایک قصہ ہے کہ آپ کے پاس دو شخص پہنچے اور جا کر یوں عرض کیا کہ اس کے پاس ننانوے بکریاں ہیں اور میرے پاس ایک بکری ہے لیکن اس نے اس کو بھی لینا چاہا تو آپ نے فرمایا کہ اس نے تجھ پر ظلم کیا ۔ پھر داؤد علیہ السلام کو تنبہ