ملفوظات حکیم الامت جلد 11 - یونیکوڈ |
|
میں جانا محال ہے اور پیر ہی سب کام کرتا ہے ہمارے حضرت نے فرمایا کہ واقعی بعض لوگوں کے ایسے ہی خیال ہوتے ہیں اور محض اس لئے مرید ہوتے ہیں میں یوں چاہتا ہوں کہ طریق کی حقیقت سمجھ کر کام کریں اور آخر میں ان صاحب نے یہ بھی لکھا ہے کہ اب معلوم ہوا کہ وہ پیر بدعتی ہیں میں بیعت توڑ دوں میں نے لکھا کہ ضرور توڑ دو ۔ دیکھئے جلدی میں ایک بدعتی پیر کے مرید ہو گئے اور نوبت علیحدگی کی آئی میں اسی لئے کہا کرتا ہوں کہ بیعت میں جلدی نہ کیا کرو خوب دیکھ بھال لیا کرو جب تک جانبین سے اطمینان نہ ہو جایا کرے اس وقت تک ہاتھ میں ہاتھ نہ دیا کرو ۔ بعض چھوٹی برائیوں کا منشاء سخت قبیح ہوتا ہے فرمایا کہ لوگوں کی بیہودہ حرکتیں فی نفسہ اس قدر گراں نہیں ہوتیں لیکن چونکہ ان کا منشاء میری نظر میں آ جاتا ہے اور وہ سخت قبیح ہوتا ہے کہیں کبر کہیں بے فکری کہیں اہل دین کی بے عظمتی اس لئے وہ خفیف امر مجھ کو زیادہ برا معلوم ہوتا ہے جس پر لوگوں کو تعجب ہوتا ہے کہ یہ تو اتنی غصہ کی بات نہ تھی لوگ صرف ناشی کو دیکھتے ہیں میں منشا کو دیکھتا ہوں ۔ عام عربوں کی ایک حکایت فرمایا کہ عوام عرب میں شرک بہت ہے ۔ ہم نے خوب دیکھا ہے ( اسی لئے تو وہاں قدرت سے نجدیوں کا تسلط ہوا ( جامع ) وہاں کے علماء بھی اس کی تاویل کر لیتے ہیں وہاں نجدیوں کی تو یہ زیادتی ہے کہ توسل کو بھی شرک کہتے ہیں ۔ علماء کی یہ زیادتی ہے کہ شرک کو توسل کہتے ہیں ۔ قبر پر ہاتھ اٹھا کر دعا نہیں مانگنا چاہئے فرمایا کہ قبر پر ہاتھ اٹھا کر دعا نہ مانگنا چاہئے حتی کہ دفن کے وقت بھی انتظام شریعت اسی میں ملحوظ ہے تا کہ کسی کو یہ شبہ نہ ہو جائے کہ مردہ سے حاجت مانگی جاتی ہے ۔ معاملات میں صفائی نہ ہونے سے باہمی تعاون میں خلل فرمایا کہ بعض مواقع پر معاشرت اور معاملات رندوں کے اچھے ہیں اور اہل علم کے خراب ہیں ایک ثقہ صورت میرے ایک دوست سے دس روپے مانگ لیے گئے تھے ۔