ملفوظات حکیم الامت جلد 11 - یونیکوڈ |
|
حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب کے صاحبزادہ مولانا علاء الدین کی دستار بندی فرمایا کہ مولانا محمد یعقوب صاحب کے صاحبزادہ مولوی علاء الدین صاحب میرے ساتھ پڑھتے ہیں اور میرے ساتھ ہی دستار بندی ہوئی ہے اگر زندہ ہوتے تو مولانا کے جانشین ہوتے امتحان میں ان کے نمبر مجھ سے کم تھے لوگ یہ چاہتے تھے کہ چونکہ یہ مولانا کے صاحبزادہ ہیں اس لیے دستار بندی میں مجھ سے ان کی ( یعنی مولوی علاء الدین ) کی تقدیم ہو جائے اس پر حضرت مولانا گنگوہی نے فرمایا کہ یہ نہیں ہو سکتا جس کا استحقاق ہے وہ ہی صاحب ہو گا ۔ حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب کے صاحبزادہ مولانا علاء الدین کے انتقال کا واقعہ فرمایا کہ حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب کے صاحبزادہ مولوی علاء الدین کا انتقال خاص بقر عید کے روز ہوا ہے نماز سے پہلے انکی بہت غیر حالت تھی جب نماز کا وقت آیا تو مولانا یہ کہہ کر اللہ کے سپرد اللہ خاتمہ بخیر کرے نماز میں پہنچ گئے نماز میں دیر نہ کی حالانکہ مولانا کی وجاہت ایسی تھی کہ اگر کتنی ہی دیر فرماتے تب بھی لوگوں کو گراں نہ ہوتا مگر ایسا نہیں کیا وقت پر پہنچے ۔ دیوبند میں طاعون کی وباء میں مولانا محمد یعقوب کے گھر کے 14 افراد فوت ہو گئے فرمایا کہ جس زمانہ میں دیوبند میں وبا پھیلی ہے تو اس زمانہ وبا میں مولانا محمد یعقوب صاحب کے گھرانے کے چودہ آدمی مرے تھے مگر مولانا بہت ہی متحمل رہے ذرا تزلزل اپنے اندر نہیں آنے دیا البتہ ایک دفعہ تو وضو کرتے ہوئے میں نے یہ شعر پڑھتے ہوئے سنا تھا کہ آپ ایک خاص شان سے اس کو پڑھ رہے تھا ۔ غیر تسلیم و رضا کو چارہ در کف شیر نر خونخوارہ