تذکیرات جمعہ |
|
عرضِ مرتّب : نحمدہ ونصلی علٰی رسولہ الکریم،وعلٰی آلہ واصحابہ اجمعین۔ محترمی و معظمی،مخدومی و مطاعی،مشفقی و مربی والدِ محترم حضرت مولانامفتی شاہ محمد نوال الرحمن صاحب دام ظلہم العالی کی شخصیتِ مبارکہ محتاجِ تعارف نہیں،اللہ پاک نے حضرت کو علومِ ظاہرہ اور علومِ باطنہ دونوں میں ممتاز مقام سے نوازا ہے،ایک طرف آپ شیخ الحدیث ہیں تو دوسری طرف پیرِ طریقت بھی ہیں،ایک طرف طالبانِ علوم نبوت آپ کے درس و تدریس اور بحر علمِ سے اپنی علمی پیاس بجھاتے ہیں تو دوسری طرف احسان و تصوف اوراصلاحِ باطن کے لئےسالکین آپ سےروحانی فیض بھی پاتے ہیں،نیز دعوت و تبلیغ کے ساتھی بھی حضرت کے مواعظ کے بے چینی سے منتظر رہتے ہیں۔اور یہ اللہ پاک کا حضرت پر بے انتہاء فضل و کرم اور اللہ پاک کی خصوصی دین اور رحمت ہے کہ درس و تدریس ، اصلاح ِ باطن کی مجالس،کئی اداروں کی ذمہ داریاں اور اصلاحِ معاشرہ اور دعوت و تبلیغ سے متعلق اسفار کی کثرت کے باوجود تقریبا ۳۵ سال سے حضرت کا چہل روزہ دعوتی سفرکبھی ترک نہیں ہوا،گویا تعلیم،تزکیہ اور تبلیغ کے لئےاللہ پاک نے ہمیں آپ کی شکل میں ایک بہترین تحفہ عطا فرمایاہے،آپ کے مواعظ و خطبات کی اہمیت اور اس کی لذت و مٹھاس کا صحیح اندازہ وہی کرسکتے ہیں جواس میخانہ سےجامِ شرابِ محبت نوش کرچکے ہوں۔ اس سے قبل حضرت کے دروسِ قرآن سورۂ فاتحہ،سورۂ رحمن اور آیۃ الکرسی اور درسِ عقیدۃ الطحاوی زیورِ طبع سے آراستہ ہوکر منظر عام پر آچکے ہیں،اور قارئین اس کو پڑھنے کے بعد جان گئے ہوں گے کہ حضرت کے دروس ومواعظ علوم و معارف سے لبریزاورکتنی اہمیت کے حامل اورکتنے دلکش اور دل موہ ہوتےہیں؟ زیرِ نظر کتاب ’’تذکیراتِ جمعہ‘‘(جلد اول)بھی در اصل حضرت کےخطباتِ جمعہ کا مجموعہ ہے جس سے سینکڑوں کی تعداد میں عوام اور خواص بذریعہ انٹر نیٹ مستفید ہورہے ہیں۔