تذکیرات جمعہ |
|
عید الفطراور عید الاضحیٰ کے مسنونات اور مستحبات : یہ جمعہ اور خطبہ سے متعلق فضائل اور مسائل کا بیان تھا،اب عید الفطر اورعید الاضحی کے مسنونات اور مستحبات بھی ذکر کئے جارہے ہیں،ان میں سےچند توحضرت کے خطبہ میں مذکورتھے اور چند کا بحکِم حضرت اضافہ کیاگیا ہے،اور ان کو علاحدہ سپرد ِقرطاس لایاگیا ہے، تاکہ مرتب اور مزین طور پر یکجا ہونے سے قارئین کے لئے پڑھنے اور عمل کرنے میں سہولت ہو۔ عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے مسنونات اور مستحبات یہ ہیں: (۱)صبح سویرے اٹھنا۔اورعیدگاہ جلد جانا۔(ھندیہ :ج۴،ص ۳۴۴وشرح السنۃ:1103) (۲)شرع کے موافق اپنی آرائش کرنا۔ (من احکام العید:1؍1۵) (۳)غسل کرنا۔(زادالمعاد: ۴۲۶وشرح السنۃ:1102) (۴)مسواک کرنا۔(ھندیہ: ج۴،ص ۳۴۴) (۵)عمدہ سے عمدہ کپڑے جو پاس موجود ہوں پہننا۔(زاد المعاد:ج۱،ص۴۲۵) ایک مرتبہ حضرت عمر نے آپکے لئے ایک جبہ لیا،اور اس کورسول اللہ کے پاس لے آئے،اور کہا کہ یا رسول اللہ یہ لے لیجئے تاکہ عید کے لئے زینت ہوجائے۔(من احکام العید:1؍15)اس سے عید کے روز عمدہ کپڑے پہننے کا استحباب معلوم ہوتا ہے۔ (۶)خوشبو لگانا۔(شرح السنۃ:1102وھندیہ : ج ۴،ص ۳۴۴) (۷)عید الفطر میں عید گاہ جانے سے قبل کوئی شیریں چیز مثل چھوارے وغیرہ کھانا۔ (زاد المعاد:ج۱،ص ۴۲۵۔وشرح السنۃ:1103) (۸)عید الاضحیٰ میں عیدگاہ جانے سے قبل کچھ نہ کھانا۔ اگر قربانی کرے تو اس سے کھانے کی ابتدا کرنا ۔ (زاد المعاد :ج۱،ص۴۲۶،وشرح السنۃ:1104) (۹)جس پر صدقۂ فطر واجب ہے نماز سے قبل اسے اداکرنا۔ (ھندیہ :ج۴،ص۳۴۴)