تذکیرات جمعہ |
|
چونکہ یہ ایک بشری کاوش ہے، جس میں لغزش و خطا کا امکان بہرصورت باقی ہے ،اس لئے اہل علم سے درخواست ہے کہ اگر اس میں کوئی بات قابلِ اصلاح نظرآئے تو اس کو احقر کی کوتاہ دستی اور نااہلی سمجھیں،اور احقر کو معذور سمجھ کر اس کی نشاندہی فرماکر عند اللہ ماجور ہوں۔ اس موقع پرراقم الحروف شریعہ بورڈ آف انڈیا کے اسٹاف میں سے برادرِمحترم مفتی محمد حمید الرحمٰن حامد صاحب قاسمی،مفتی احمدعبد الرؤف صاحب قاسمی،اور مولانا عتیق الرحمن صاحب فاروقی کا بے حد ممنون و مشکورہے کہ جن کا تصحیح و پروف ریڈنگ اور اہم مشوروں کے ذریعہ قابلِ قدر تعاون شامل رہا ،نیزمحترم جناب سید نذیر احمد صاحب قادری کا بھی بے حد ممنون ہے کہ اُنہوں نے کمپوزنگ اور کتاب کی زیب و زینت کے تمام مراحل بحسن و خوبی انجام دئے۔ بڑی ناسپاسی ہوگی اگر اس موقع پر محترم جناب عارف اقبال صاحب(مقیم شکاگو) کا شکریہ ادا نہ کیاجائے کہ جنہوں نے سفر و حضر میں حضرت کے تقریبا سبھی خطبات کو تواریخ کے ساتھ ریکارڈکیا، اور اس مجموعہ کو کتابی شکل دینے میں مفید مشوروں سے نوازا۔ اور اخیر میں برادرکلاں مفتی محمد رضاء الرحمن عابد قاسمی سابق ناظم شریعہ بورڈ آف انڈیا کا شکریہ ادا کرنا بھی ضروری ہے، احقر اگرچہ کہ اب ان کی رفاقت میں نہیں ہے لیکن دورانِ رفاقت ان خطبات کی ترتیب اور دیگر امورمیں آپ کاخاصا تعاون شامل رہا۔ دعاہے کہ اللہ پاک حضرت کا سایہ تادیر ہم پر قائم رکھے،اور حضرت کو صحت عطافرمائے،اور حضرت کے ان خطبات کو عوام و خواص ہر دو کے لئےمفید بناکر شرفِ قبولیت سے نوازے،اور زیادہ سے زیادہ حضرت کے علوم ومعارف کی اشاعت کی ہم کوتوفیق نصیب فرمائے،اور ہم سب کے لیےذخیرۂ آخرت اور ذریعۂ نجات بنائے ۔(آمین) مفتی محمد عطاء الرحمن ساجد قاسمی (مرتب وناظم:شریعہ بورڈ آف انڈیا)