خطبات دعوت ۔ مجموعہ بیانات ۔ حضرت مولانا احمد لاٹ صاحب |
|
ہاں! جب تم اللہ کی خریداری پر راضی نہیں ہوں گے … تمہارے یہاں جنتوں کے یقین میں کمی آجائے گی ، جب دنیا تمہارے دلوں میں اتر جائے گی …… اور اس کی محبت تمہارے دلوں میں گھر کر جائے گی۔دنیا کی محبت نے اصلی مقصد سے غافل کردیا اسی لئے حضور ﷺ نے فرمایا: اِذَاعَظَمَتْ اُمَّتِی الدُّنْیَا نُزِعَتْ مِنْھَا ھَْیبَۃُ الْاِسْلَامِ، وَاِذَا تَرَکَتِ الْاَمْرَ بِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّھْیَ عَنِ الْمُنْکَرِ حُرِمَتْ بَرَکَۃَ الْوَحْیِ وَاِذَا تَّسَابََّتْ اُمَّتِی سَقَطَتْ مِنْ عَیْنِ اللّٰہِ۔ جب دنیا کی عظمت، دنیا کی قیمت، دنیا کی وقعت، دلوں میں گھر کر جائے گی تو ہیبت اسلام و ایمان تمہارے دلوں سے نکل جائے گی۔ جب تم اپنا اصلی کام …… جس مقصد کے لئے بھیجے گئے ہو۔ قرآن ڈنکے کی چوٹ کہہ رہا ہے کنتم خیر امۃ اخرجت للناس تامرون بالمعروف وتنھون عن المنکر وتومنون باللّٰہ ۔ تم نے ماؤں کے پیٹ سے جنم ہی اس کے لئے لیا ہے جتنے تمہارے نبی اونچے ہیں نبیوں میں اتنی یہ امت بھی اونچی ہے تمام امتوں میں لیکن تمہاری اونچائی کی بنیاد… تمہارے بڑے مکانات نہیں ہیں … تمہارے لمبے چوڑے زمیندارے نہیں ہیں ۔ تمہارے بینکوں کی بینک بیلنس نہیں ہے … تمہارے دنیوی نقشے اورشکلیں نہیں ہیں۔ تمہاری خیریت… تمہاری اونچائی… دعوت کے کام کی وجہ سے ہے۔ خدا کی مخلوق کو بھلی باتوں کا حکم کروگے برائی سے بچاؤ گے۔