خطبات دعوت ۔ مجموعہ بیانات ۔ حضرت مولانا احمد لاٹ صاحب |
|
پورے ملک میں جو گشتیں ہورہی ہیں، یہ تعلیمیں ہو رہی ہیں، یہ جماعتیں پھر رہی ہیں تو اس سے ملک میں ایک نورانیت کی چادر بچھی ہوئی ہے۔ رمضان کا یہ نورانی مہینہ… نور والی کتاب… نور والا مہینہ… نور والی رات خدا کی… جب اس سے کنکشن ہوگا تو دلِ ایمان کی روشنی سے جگمگائے گا۔ ہمارا یہ رمضان المبارک خدا کرے کہ یورپ کی تمام تاریکیوں کے چھٹنے کا ذریعہ اور سبب بنے اور خدا کے لئے کوئی مشکل نہیں۔ جس کعبے کے اندر تین سو ساٹھ بت تھے… اس کو خدا نے صاف کیا۔ اور اس میں انوارات کی بارشیں برسائیں۔ جس ملک میں چوبیس گھنٹے بے دینی… نحوست اور ظلمتیں برس رہی ہوں۔ لیکن حضورؐ کا دامن تھامنے اور حضورؐ کی محنت میں اللہ نے تاثیر رکھی ہے۔ہماری محنت لاکھوں لاکھوں کی ہدایت کا ذریعہ بنے گی جس طرح صبح صادق کی پوپھٹتی ہے تو رات کی اندھیری چادر چاک ہوجاتی ہے اور تاریکی ختم ہوجاتی ہے۔ حضرت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے ہر طریقے میں آپؐ کی ہر سنت میں … آپؐ کی ہربولی میں… آپؐ کی ہر ایک چال میں بے پناہ نور ہے۔ جب حضورؐ کے نورانی طریقے زندہ ہوں گے کھانے میں… پینے میں… پہننے میں… اوڑھنے میں… سونے میں… جاگنے میں… تو پھر یہ جتنے ظلمتوں بھرے طریقے ہیں… ان سب کی چادریں چاک ہوتی چلی جائیں گی۔ انسانوں کو سکون کا سانس ملے گا۔ اور انشاء اللہ ہماری ایک ایک محنت اور ہمارے ایک ایک بھائی کے نامۂ اعمال میں لاکھوں لاکھوں انسانوں کی ہدایت ہوگی۔ پھر جب قیامت کے میدان میں چلیں گے۔ سب سے آگے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ میں جھنڈا ہوگا۔ آپؐ کے پیچھے صحابہؐ ہوں گے پھر تابعین اور تبع تابعین اور اولیاء اللہ ہوں گے… بزرگان دین ہوں گے پھر ہمارے اور تمہارے جیسے عام مسلمان جنہوں نے دنیا میںکچھ وقت لگایا ہوگا… کچھ محنت کی ہوگی…