مجالس ابرار |
ہم نوٹ : |
|
کیا پھر وظیفہ کے بے اثر ہونے کا شکوہ کیا۔ میں نے عرض کیا کہ دو ٹرک آمنے سامنے ہیں اور زور آزمائی ہورہی ہے کوئی راستہ نہیں دے رہا ہے تو کوئی منزل تک پہنچے گا؟ ادھر وظیفہ جاری ہے اُدھر گناہ بھی جاری ہیں۔ وظیفہ تو جالبِ رزق ہے اور معاصی برعکس تنگیٔ رزق کا اثر رکھتے ہیں۔ ۱۱۲) ارشاد فرمایا کہ طاعون کے زمانے میں ہر شخص چوہے سے ڈرتا ہے کہ طاعون کے جراثیم ہمارے گھر میں نہ آجائیں،اور بدعملی اور منکرات کے چوہے ہمارے گھروں میں کتنے ہی ہوں فکر نہیں۔ سانپ گھر میں آجائے سب پریشان، اور گھر میں خلافِ شرع وضع قطع، تصاویر جاندار کی، ریڈیو کے گانے، ٹیلی وژن کا گھریلو سینما آجائے تو کوئی فکر نہیں۔ ہر عمل کے معاملے میں علمِ صحیح کی ضرورت ہے۔ لاعلمی میں زہر کھانے سے نقصان تو یقیناً پہنچے گا۔حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایک گھر میں تشریف لے گئے وہاں تصویر جاندار کی تھی فوراً واپس آگئے۔ رزق کی ترقی اور برکت کے لیے وظیفے پڑھنے کے لیے تیار ہیں مگر گناہ چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔ ۱۱۳) ارشاد فرمایاکہتقلیل کے ساتھ تکمیل آسان ہے تکثیر کے ساتھ تکمیل مشکل ہے۔ پس مدارس میں طلباء کا داخلہ خوب جانچ پر ہونا چاہیے، تقلیل سے خائف نہ ہو،ان شاء اللہ تعالیٰ یہ تقلیل جو تکمیل کے ساتھ ہو یہی کمال سببِ تکثیر کا بھی ہوگا۔ جب کسی شہر کی کوئی چیز معیاری مشہور ہوجاتی ہے تو دور سے دور لوگ قطار لگالیتے ہیں اور بہت سے لوگوں کو وہ چیز ختم ہوجانے سے واپس آنا پڑتا ہے۔ اسی طرح پھر داخلے کے لیے اتنی تکثیر ہوگی کہ آپ کو واپس کرنا پڑے گا۔ الحمدللہ! ہمارے یہاں یہی ہوتاہے۔اشرف المدارس ہردوئی میں فی الحال سو بچوں کا انتظام ہے اور ہر سال کافی درخواستیں نامنظور کرنی پڑتی ہیں۔ ۱۱۴) ارشاد فرمایا کہ کسی کام میں جلدی نہ کرے ورنہ ندامت ہوگی۔ ہر کام میں حضرت حکیم الاُمت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کا یہ گُر یاد رہے جو صرف دو لفظوں پر مشتمل ہے: ۱)تامُّل ۲)تحمل۔یعنی ہر کام کو سوچے اور تحمل سے کام لے۔