مجالس ابرار |
ہم نوٹ : |
|
بسم اللہ الرحمن الرحیمارشادات حضرتِ اقدس مرشد نا و مولانا شاہ ابرارالحق صاحب دامتِ برکاتہم ناظمِ مجلس دعوۃ الحق ہردوئی، یو پی، ہند ۱۶۵۔ارشاد فرمایا کہ:وَ ذَکِّرۡ فَاِنَّ الذِّکۡرٰی تَنۡفَعُ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ؎ حق تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں: نصیحت کیجیے بے شک نصیحت ایمان والوں کو نفع دیتی ہے۔ اس آیتِ مبارکہ کو بیان فرماکر حضرت والا نے فرمایا کہ نصیحت بار بار کرتا رہے۔ کبھی بہت دن کے بعد اس کا اثر ظاہر ہوتا ہے۔ پھر یہ حکایت ارشاد فرمائی کہ مولوی شبیر علی صاحب نے اپنے کسی عزیز سے سگریٹ کی عادت چھڑانا چاہا تو اس کو سگریٹ چھوڑنے پر نصیحت فرماتے رہے، سو مرتبہ تک ان کی نصیحت نے موصوف پر اثر ظاہر نہ کیا، جب ایک سو ایک مرتبہ کی تعداد ہوئی تو انہوں نے سگریٹ پینا چھوڑ دیا۔ اس تجربہ سے معلوم ہوا کہ ہمت نہ ہارنی چاہیے۔ اسی طرح حضرت حکیم الامت تھانوی قدس اللہ سرہ العزیز کی ایک حکایت ارشاد فرمائی کہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ بیت الخلاء میں تھے، دو شخص باہر تھے، ایک دوسرے سے کہہ رہا تھا کہ میں نے فلاں شخص کو نماز کے لیے متعدد بار کہا اس نے میری نصیحت نہ مانی تو میں نے پھر کہنا چھوڑ دیا۔ دوسرے نے کہا: واہ میاں واہ! وہ تو اپنی بُری بات پر جما رہا اور آپ اپنی اچھی بات پر یعنی نصیحت کرنے پر قائم نہ رہے اور ترک کردیا۔ یہ تو آپ نے اچھا کام نہ کیا کہ کوئی بُرائی نہ چھوڑے اور آپ بھلائی کو چھوڑ دیں۔آپ کو نصیحت کا کام جاری رکھنا چاہیے تھا۔ حضرتِ اقدس تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے اس جواب کو بہت پسند فرمایا اور اپنے احباب میں اس کا ذکر فرمایا۔ ------------------------------