مجالس ابرار |
ہم نوٹ : |
|
از حضرت مولانا مفتی رشید احمد صاحب دامت برکاتہم مہتمم اشرف المدارس ناظم آباد، کراچی بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ حضرت مولانا ابرارالحق صاحب دامت برکاتہم کو اللہ تعالیٰ نے ایسی خاص شانِ اصلاح سے نوازا ہے اور پھر اصلاحِ اُمّت کے کام کو ان کے لیے اس طرح دردِ دل بنادیا ہے کہ اس کی مثال ڈھونڈنے سے بھی کہیں نہیں ملتی۔ راہ برانِ قوم نے نہی عن المنکر کے فریضے کو تو ایسا بھلادیا ہے کہ گویا یہ حکم سرے سے شریعت میں ہے ہی نہیں۔ اس سے بھی بڑھ کر منکرات کی مجالس میں علانیہ شرکت بلکہ اپنی مجالس میں منکرات کی کھلی چھٹی دے کر عوام کو فتنۂ اباحت میں مبتلا کردیا ہے۔ میں اطراء فی المدح اور کسی کی مدح کے ضمن میں تنقیصِ غیر سے پناہ مانگتے ہوئے یہ کہے بغیر نہیں رہ سکتا کہ اللہ تعالیٰ اصلاحِ منکرات کا جو کام حضرت مولانا ابرارُالحق صاحب سے لے رہے ہیں وہ آج دنیا میں اور کہیں نظر نہیں آتا۔ پھر نہی عن المنکر کے جذبے کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے حُسنِ بیان اور ایسی شانِ جاذبیت عطا فرمائی ہے کہ آپ کی نکیر باعثِ تنفیر نہیں بنتی بلکہ منکرات کاقبح قلوب کی گہرائیوں میں اتر جاتا ہے، یہ دل کی تڑپ اور اخلاص و قبول کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ برادرم مولانا حکیم محمد اختر صاحب کو جزائے خیر دے کہ انہوں نے کراچی میں حضرت ممدوح کے اصلاحی بیانات ’’مجالسِ ابرار‘‘ کے نام سے شایع کرکے عوام تک پہنچانے کی کوشش کی،اللہ تعالیٰ اسے نافع بنائیں اور دوسرے مقتدا حضرات کے لیے کحل الجواہر بنائیں تاکہ وہ مداہنت اور سہل انگاری ترک کرکے اس فریضے کی طرف توجہ فرمائیں،آمین۔ رشید احمد عفااللہ عنہ 8؍4 ؍۱۳96 ھ