مجالس ابرار |
ہم نوٹ : |
|
عرضِ مرتب بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ احقر مرتب عرض کرتا ہے کہ حضرت مولانا مرشد ناشاہ ابرار الحق صاحب دامت برکاتہم نے اپنے ملفوظات و ارشادات میں بار بار وضو اور کھانے پینے کی سنتوں اور تمام اُن سنتوں پر جن پر عمل کرنے میں معاشرہ مزاحم اور مانع نہیں ہے عمل کرنے اور اپنے بچوں اور سب گھروالوں کو عمل کرانے کے اہتمام پر تاکید فرمائی ہے، اور فرمایا کہ ان آسان آسان سنتوں پر عمل سے رُوح میں نور پیدا ہوگا اور نور سے رُوح کو قوت ہوگی جس سے پھر اُن سنتوں پر بھی عمل کی ہمّت ہوجائے گی جن پر عمل کرنا دشوار ہے اور معاشرہ رُکاوٹ پیدا کرتا ہے۔ اس ملفوظ سے بعض احباب کا تقاضا ہوا کہ کھانے پینے اور لباس اور وضع قطع کی سنتیں بھی اس کتاب میں تحریر کردی جاویں تاکہ ان ملفوظات کو پڑھنے سے جو جذبۂ عمل پیدا ہو فوراً اس پر عملی جامہ پہنانا آسان ہو، اور ہر شخص ایک ایک سنت یاد کرنا اور اپنے بیوی بچوں کو یاد کرانا شروع کردے، اور عملی طور پر ان کی نگرانی بھی کرتا رہے کہ ان سنتوں پر عمل بھی ہورہا ہے یا نہیں۔ان سنتوں کی نقل میں احقر نے ’’تعلیم الدین، بہشتی زیور، نمازِ حنفی، دُعائے مسنونہ، فضائلِ اعتکاف‘‘ سے رُجوع کیا ہے۔