مجالس ابرار |
ہم نوٹ : |
|
تقریظ ازفضیلۃالشیخ حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب دامت برکاتہم مفتیٔ اعظم پاکستان، بانی و مؤسس دارالعلوم کراچی بِاسْمِہٖ سُبْحَانَہٗ جناب مولانا ابرارالحق صاحب دامت برکاتہم خلیفۂ ارشد حضرت حکیم الامّت تھانوی نوراللہمرقدہٗ اپنے مُرشد کے طریق پر اخلاق و معاملات کی اصلاح اور تربیت وتزکیہ،تعلیم و تدریس کی خدمات پورے انہماک کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔آپ کا قیام اپنے آبائی وطن ہر دوئی (بھارت) میں ہے اور ہندوستان کے طول وعرض میں آپ کا فیض جاری ہے۔ ابھی دو ماہ قبل حجِ بیت اللہ سے واپسی پر موصوف نے ڈیڑھ ہفتہ کراچی میں قیام فرمایا اور حیدر آباد کا سفر بھی فرمایا۔کراچی کے دورانِ قیام دارالعلوم کراچی اور مدرسہ عربیہ نیوٹاؤن اور دیگر اداروں میں تشریف لے گئے، علماء اور طلباء اور عوام کے سامنے آپ کے بصیرت افروز بیان ہوئے اور مجالس و محافل میں بھی ملفوظات کا سلسلہ جاری رہا ،آپ کے خادمِ خاص عزیزم مولانا حکیم محمد اختر صاحب سلمہٗ اللہ تعالیٰ بالافادات والافاضات (جو آپ کے خلیفہ بھی ہیں) لیلًا و نہارًا صباحًا و مساءً آپ کے ساتھ رہے اور مواعظ و ملفوظات کو نوٹ کرتے رہے۔اب اس مجموعہ کو ’’مجالسِ ابرار‘‘ کے نام سے موصوف شایع فرمارہے ہیں تاکہ ان غائبین تک بھی یہ اصلاحی باتیں پہنچ جائیں جو مجلس میں حاضر نہ تھے۔ اللہ جلّ شانہٗ موصوف کی ان مساعیٔ حسنہ کو قبول فرماکر مجالسِ ابرار کے فیض کو عام و تام فرمائے۔ وماذالک علی اللہ بعزیز بندہ محمد شفیع عفااللہ عنہ ۱۱؍ربیع الاوّل ۱۳۹۶ھ