مجالس ابرار |
ہم نوٹ : |
|
جب کوئی پریشانی آئے تو اپنے اعمال کو سوچے کہ ہمارے اعمال تو زیادہ پریشانی اور مصائب کے لائق ہیں لیکن الحمد للہ! کہ حق تعالیٰ کی رحمت سے سستے چھوٹے۔ ۲۹۰۔ ارشاد فرمایا کہ سانپ جس عضو کو بھی کاٹتا ہے آدمی مرجاتا ہے، کیوں کہ اس عضو سے پھر تمام بدن میں زہر پھیل جاتا ہے،اسی طرح گناہ کا زہر ہے جس عضو سے بھی معصیت کی جاوے گی اس کا زہر تمام جسم میں سرایت کرجاتا ہے۔ ۲۹۱۔ ارشاد فرمایا کہ ایک شخص نے سوال کیا کہ شادی میں کیا مرد مہندی لگاسکتا ہے؟ میں نے جواب دیا کہ مرد عورتوں کا زیور بھی پہن سکتا ہے؟ کہا :نہیں۔ پھر میں نے کہا کہ جس طرح زیورعورتوں کے لیے خاص ہے اسی طرح مہندی عورتوں کےلیے خاص ہے۔ ۲۹۲۔ ارشاد فرمایا کہ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے یہ شعر اپنے ڈیکس پر لگا رکھا تھا ؎ کثرتِ ذکر و قلتِ تبیاں وقتِ ہیجانِ طبع کَفِّ لساں ۲۹۳۔ ارشادفرمایا کہ پانی نرم ہے لیکن اپنی صحبت سے لوہے کو زنگ آلود کرکے اس کی صورت اور سیرت خراب کردیتا ہے۔ اسی طرح بُری صحبت انسان کے اخلاق کو خراب کردیتی ہے۔ ۲۹۴۔ ارشاد فرمایا کہ نیت بدل جانے سے احکام بدل جاتے ہیں۔ ڈاکٹر سوئی لگاتا ہے اُس سے خوش ہوتے ہیں اور اس کو فیس بھی دیتے ہیں اور کوئی دشمن اتنی ہی بڑی سوئی چبھودے تو اس سے لڑتے ہیں۔ پس اس مثال کو سمجھنے کے بعد حق تعالیٰ کی حکمت و رحمت پر نظر رکھنے سے تمام تکالیف کا تحمل آسان ہوجاتا ہے۔ ۲۹۵۔ ارشاد فرمایا کہ علامہ احمد کبیر رفاعی رحمۃ اللہ علیہ کے دامن پر بلّی سوگئی۔ نماز کا وقت ہوگیا۔ قینچی منگائی، دامن کاٹ کر نماز کے لیے چل دیے۔ واپس آئے تو بلّی سوکر اُٹھ چکی تھی پھر دامن کا پیوند لگالیا۔