قادیانی گروہ کی تصویر بنائی جائے اور اس پر اس حدیث کو بطور عنوان درج کیا جائے تو کسی طرح بھی غلط نہ ہوگا۔ حضور انورﷺ نے جس طرح بتایا کہ وہ دین کی ظاہری حالت پر قائم ہوںگے۔ لیکن گمراہی ان کے دلوں کی آخری تہ تک اتری ہوگی اور وہ جہنم کے راستوں پر اندھا دھند دوڑ رہے ہوںگے۔ قادیانی گروہ بھی اسی طرح ایک نئی خانہ ساز نبوت قائم کر کے سادہ لوح مسلمانوں کو گمراہ کر رہا ہے۔ لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ جس امت کو حضور انور ﷺ نے اس خطرے سے آگاہ کیا تھا اور اس خطرے کی جزئیات تک بتادی تھیں۔ اسی امت کے افراد اس دام میں گرفتار ہورہے ہیں اور امت کے دوسرے کروڑوں افراد اس گمراہ کن گروہ سے غافل ہیں یا حدیث مبارک کی ہدایات کے مطابق اس کا بروقت اور مؤثر نوٹس نہیں لے رہے۔
مسلمان قادیانیوں کی نظر میں
مسلمانوں کے بارے میں قادیانی جس قسم کے نظریات رکھتے ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔ مرزاغلام احمد قادیانی میاں بشیر الدین محمود اور دیگر قادیانیوں کی کتابیں پڑھنے سے امت مسلمہ کو صاف طور پر پتہ چل جائے گا کہ قادیانی گروہ مسلمانوں کو کیا سمجھتا ہے۔ ان کے بارے میں کیا عقیدہ رکھتا ہے اور مسلمانوں کے بارے میں ان کا طرز عمل کیا ہے۔ اس سلسلے میں چار چیزیں بالخصوص پرکھنے والی ہیں۔
۱…
مرزاغلام احمد قادیانی کو نبی نہ تسلیم کرنے والوں کے بارے میں قادیانیوں کا عقیدہ۔
۲…
مرزا کو جھوٹا نبی سمجھنے والے کے پیچھے نماز پڑھنے کے سلسلہ میں قادیانیوں کا عقیدہ۔
۳…
غیر قادیانی یعنی مسلمانوں کے ساتھ شادی، بیاہ، تعلقات، میل جول اور ان کا جنازہ پڑھنے کے سلسلہ میں قادیانیوں کے نظریات۔
۴…
اکابرین اسلام حضرت قائداعظمؒ، علامہ اقبالؒ کے بارے میں قادیانیوں کا طرز عمل۔
کیا مسلمان کافر ہیں
پاکستان کے کروڑوں مسلمان مرزا قادیانی کو نہ صرف یہ کہ نبی نہیں تسلیم کرتے بلکہ ان کا عقیدہ ہے کہ حضورانورﷺ پر نبوت کا سلسلہ ختم ہوگیا اور آپ کے بعد نبوت کا دعویٰ کرنے والا ہر شخص مفتری، کذاب اور کافر ہے۔ اس عقیدے پر امت مسلمہ کا ہرفرد کاربند ہے اور اس میں کسی شک وتردد میں مبتلا نہیں۔ لیکن چند روشن خیال اور تجدد پسند مسلمان اس مسئلے کو اہمیت نہیں دیتے اور ان کے نزدیک یہ فرقہ وارانہ مسئلہ ہے ’’جسے مولویوں کی ضد اور ہٹ دھرمی نے سنگین بنادیا ہے۔‘‘