بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
تعارف مصنف علیہ الرحمۃ
حضرت مولانا محمد صادق صاحبؒ بہاولپور کے ان نامور علماء سے تھے جن کا تذکرہ سرزمین بہاولپور میں اچھی یاد کے ساتھ ہمیشہ یاد رہے گا۔ آپ کے علم وفضل کے ساتھ ساتھ آپ کے فاضل اجل تلامذہ کاملہ ہی آپ کی شہرت وناموری کے لئے کافی ہیں۔ آپ مختلف دینی اور مذہبی درسگاہوں اور تنظیموں کے سربراہ تھے۔ سابق جامعہ عباسیہ کا قیام اور اس کے لئے معاون مدارس کا جال آپ کے افکار کا آئینہ دار ہے۔
آپ محرم الحرام۱۳۱۱ھ میں بہاولپور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اپنے والد حضرت مولانا محمد عبداﷲ صاحب جامیؒ سے حاصل کی۔ ان کی وفات کے بعد ۱۹۰۷ء میں بہاولپور کی قدیم درسگاہ صدر دینیات (جامعہ عباسیہ) میں داخل ہوئے۔ وہاں مولانا نور الدین صاحبؒ جیسے مشفق استاذ کی خدمت میں رہ کر علم کی تکمیل کی۔ اگرچہ آپ نے حصول علم کے لئے اپنے برادر بزرگ حضرت مولانا محمد شاکر صاحبؒ سابق پروفیسر ایس۔ای کالج بہاولپور کے ہمراہ دو مختصر سے سفر لاہور اور چیلاواہن کے کئے تھے۔ مگر سند فضیلت مدرسہ صدر دینیات سے حاصل کی اور ۱۲؍مئی ۱۹۱۸ء کو مدرسہ عربیہ احمد پورشرقیہ حال مدرسہ عربیہ فاضل میں اوّل مدرس مقرر ہوئے۔ تقریباً ۷سال تک صدر مدرس رہے۔ اس عرصہ میں مولانا غلام حسینؒ سابق وزیر تعلیم ڈیرہ نواب صاحب تشریف لائے تو آپ نے انہیں ایک دینی درسگاہ کے قیام کی تجویز پیش کی۔ وزیر صاحب نے تجویز کی تائید کی۔ چنانچہ آپ نے ۲۰صفحات پر مشتمل جامعہ عباسیہ کی رپورٹ ابتدائی لکھی۔ جس میں جدید وقدیم علوم کے امتزاج سے ایک درسگاہ کا تخیل پیش کیا۔ چنانچہ سرکار والاشان اعلیٰ حضرت صادق محمد خان عباسی خامس کی منظوری سے ۲۵؍جون ۱۹۲۵ء کو جامعہ عباسیہ کا قیام عمل میں لایاگیا۔ جامعہ عباسیہ کے اعلیٰ عہدہ کے لئے حضرت مولانا غلام محمد گھوٹویؒ کا انتخاب عمل میں لایاگیا اور مولانا محمد صادق صاحبؒ مدرس اوّل مقرر ہوئے۔ ۲۵سال تک جامعہ عباسیہ میں تدریس کی خدمات انجام دیں اور شیخ الفقہ کے جلیل القدر عہدہ پر فائز رہے۔ جامعہ عباسیہ کے نصاب کمیٹی کے ہمیشہ رکن رہے اور جب کہ پنشن پر فراغت حاصل کر چکے تھے اور حکومت پاکستان جامعہ عباسیہ کو محکمہ اوقاف کی تحویل میں سونپ رہی تھی اور اس کے نصاب کی تشکیل میں علالت کے باوجود اس کے تمام اجلاسوں میں جو مختلف مقامات پر منعقد ہوئے شریک رہے۔ آپ جامعہ عباسیہ کے عہدہ شیخ الفقہ سے مفتی امور مذہبیہ مقرر ہوئے۔ تقریباً ایک ماہ کے بعد ناظم محکمہ امور مذہبیہ مقرر ہوئے اور چھ سال تک اس عہدہ پر فائز رہے۔