خطبات دعوت ۔ مجموعہ بیانات ۔ حضرت مولانا احمد لاٹ صاحب |
|
زیر نظر کتاب میں حضرت مولانا احمد لاٹ صاحب دامت برکاتہم کے مختلف موقعوں پر مختلف اجتماعات میں کئے گئے بیانات کو حسن ترتیب سے یکجا کیا گیا ہے ۔ حضرت موصوف نے اپنی پوری زندگی دعوت کے لیے وقف کردی ہے ، شب و روز مستقل اسی کی محنت اور اسی فکروں میں گزرتے ہیں ، اللہ تعالیٰ نے حضرت موصوف کو گوناگوں صفات و کمالات سے نوازا ہے ۔ حضرت کے بیانات میں طلاقت لسانی ، شعلہ بیانی اور اسی کے ساتھ ساتھ امت کا درد و کڑھن اور رقت اور امت کے لیے بے چینی و بے قرار ی بھی ٹپکتی ہوئی نظر آتی ہے ۔ اللہ تعالیٰ حضرت کے سائے عاطفت کو تادیرہمارے سروں پر قائم رکھے ۔ آمین ۔ بیانات کو کیسٹ سے اخذ کیا گیا ہے ، اس لئے یہ بات ذہن میں رہنی چاہیے کہ اس کا اسلوب تحریری نہیں ہے بلکہ خطابی ہے ۔ لہٰذا اس کو اسی پس منظر میں پڑھنے کی کوشش کریں ۔ بعض جگہوں پر جملوں کے ربط کے لیے کیسٹ میں کوئی لفظ سمجھ میں نہ آیا ہو یا مکررات کو کم کرنے کے لیے کچھ کچھ ترمیم ہوئی ہے ، ورنہ بڑی حد تک اس کی رعایت ہے کہ حضرت ہی کے الفاظ بعینہٖ ہیں اور حضرت کا وہ اندازِ بیان !… جس کو ناظرین محسوس بھی کریں گے۔ قارئین کرام اس بات کو بھی ذہن میں رکھیں کہ دعوت کی محنت اور ہے بیانات اور ہیں ، کہیں شیطان اس مغالطے میں نہ ڈالے کہ اسی پر اکتفا کربیٹھیں ، عملی میدان میں چل پھر کر اس طرح کی کتابوں کا جو نفع ہوگا وہ گھر بیٹھے پڑھنے میں نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ اس حقیر سی محنت کو شرف قبول عطا فرمائے اور امت کے لیے اس کا نفع عام اور تام فرمائے ۔ آمین ۔ یارب العالمین ۔ حفظ الرحمن پالنپوری (کاکوسی ) خادم مکاتب قرآنیہ ۔ممبئی