مجالس ابرار |
ہم نوٹ : |
|
حَامِدًا وَّمُصَلِّیًا،اَمَّابَعْدُ اس ناکارہ کا بفضلہٖ تعالیٰ حسبِ ہدایت اکابرِ کرام جمعہ کے روز کچھ دینی باتیں بیان کرنے کا معمول ہے۔ چناں چہ اس سلسلے میں خیال آیا کہ کچھ ضروری باتیں اصلاح سے متعلق مختصر طور پر صفحہ دو صفحہ میں مرتّب کردی جائیں اور ان کی نقل کراکر آج ہی جہاں جہاں جمعہ کی نماز ہوتی ہے سُنانے کے لیے بھیج دی جائیں۔ نیز جو حضرات مبلّغین غیر اہلِ علم ہیں ان کی سہولت کا خیال بھی تھا کہ وہ بصورتِ بیان اس قسم کی تحریر سنادیا کریں تو زیادہ مفید ہوگا،کیوں کہ غیر اہلِ علم مبلّغین کے بیان سے مفاسد بارہا سامنے آچکے ہیں کہ وہ حدود کی رعایت کرنے سے قاصر رہتے ہیں لہٰذا توکلاً علی اللہ تعالیٰ ان باتوں کو مرتّب کرنے بیٹھ گیا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے اس مختصر تحریر کو ایک مختصر بیان کی شکل میں مرتّب کرادیا۔ پھر اس تحریر کے موافق جمعہ میں بیان کی توفیق بھی بخشی جس کو متعدد اہلِ علم واہلِ صلاح حضرات نے پسند فرمایا اور اس کی اشاعت کے لیے فرمایا۔ اَلْحَمْدُ لِلہِ عَلٰی ذَالِکَ اس کا نام’’اشرف الاصلاح للانفس والاتباع‘‘ مناسب معلوم ہوا۔ اللہ تعالیٰ اب اس کو قبول فرماویں اور اس ناکا رہ کی مغفرت کا سبب بناویں اور اس سے اپنے بندوں کو نفع پہنچاویں،آمین۔ ناکارہ خادم ابرار الحق عفا اللہ عنہ ناظمِ مدرسہ اشرف المدارس، ہردوئی