مجالس ابرار |
ہم نوٹ : |
|
اس کتاب کے مضامین سب کے سب ہی حرزِ جان بنانے کے قابل ہیں مگر اوّل کے دو باب کے جو مضامین ہیں ان کی لا علمی اور ان پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے مدرّسین کے افادہ اور طلبہ کے استفادہ میں بہت بڑی کمی ہوجاتی ہے۔ لہٰذا اس ناکارہ کا بے اختیار جی چاہا کہ ان مضامین کو الگ باب وار شایع کردیا جاوے۔ تاکہ بصورتِ ضرورت مزید اضافے میں سہولت رہے۔ چناں چہ توکلاً علی اللہ تعالیٰ اس ناکارہ نے ان کی اجمالی تبویب کردی ہے۔ اور سہولت کے لیے اس حصّے کا نام اشرف التفہیم لتکمیل التعلیم رکھا ہے۔ دونوں ابواب کو ایک ساتھ شایع کرنے کی ایک مصلحت یہ ہے کہ اساتذہ کے ذریعے طلباء کو ان کے متعلق ضروری ہدایات پہنچتے رہنے سے زیادہ نفع کی توقع ہے۔ اور طلباء کو اساتذہ کی قدر ہوگی کہ ہماری خاطر یہ کتنی مشقتیں برداشت کرتے ہیں۔ نیز بعض دفعہ طلباء کو اساتذہ کے معاملے سے زیادتی کا شبہ ہوتا ہے۔ تو اساتذہ کے منصب کے علم ہونے پر اس شبہ و شکایت کا حل ظاہر ہوجاوے گا۔ اس رسالے کو بار بار مطالعہ کرنا خصوصاً جمعہ کی چھٹی میں اس کو ایک دفعہ پڑھ لینا ان شاء اللہ تعالیٰ بہت مفید ہوگا۔ حضرات اہلِ علم سے گزارش ہے کہ اس سلسلے میں جو بات قابلِ اضافہ محسوس فرمائیں اس سے مطلع فرمادیں۔ تاکہ آیندہ اشاعت میں ان کا اضافہ کیا جاسکے۔ والسلام ناکارہ ابرار الحق خادمِ مدرسہ اشرف المدارس (ہردوئی) ۱۲ رمضان المبارک ۱۳۷۹ھ