مجالس ابرار |
§ہم نوٹ : |
|
۶۔ اکابرِ کرام سے وقتاً فوقتاً دعا کی درخواست کرنا۔ ۷۔ اشتہارات و رسائل و اخبارات مناسب کے ذریعے مراکز کے تعیّن کی اطلاع کرنا۔ ۸۔ اُمّتِ مسلمہ بالخصوص طلبہ کو عظمتِ قرآنِ پاک سے اور احترام و احکامِ مساجد سے گاہ بگاہ آگاہ کرنا۔ ۹۔طلبائے دین بالخصوص طلبائےقرآنِ کریم کے ساتھ احترام و عظمت کا معاملہ کرنا۔ ۱۰۔ اساتذہ و منتظمین کی عظمت اپنے اور دوسروں کے قلوب میں بٹھانا۔ تشریح نمبر 1 و 2 و 3: مساجد اور مدارس کی خدمت کے لیے مؤذن،امام ،مدرّس حضرات کو اصلاحی اور تربیتی نصاب کی تکمیل اور عملی مشق کرانے کے لیے جگہ جگہ مرکز قائم کیے جائیں اور ان حضرات کی تربیت و اصلاح میں زیادہ سے زیادہ تین ماہ کی مدت درکار ہوگی۔ اس کے لیے مناسب وظیفہ اور خوراک کا انتظام کرنا بھی ضروری ہے کیوں کہ عموماً یہ طبقہ نادار اور مفلس ہوتا ہے جو خود کفیل ہوکر تربیتِ مجوزہ نہیں حاصل کرسکتا۔ حضرتِ اقدس ہردوئی نے فرمایا کہ الحمدللہ! ہمارے یہاں اس کا مرکز قائم کردیا گیا ہے اور ہم مؤذن اور امام اور مدرّس کی عملی تربیت (ٹریننگ) پر ان حضرات کو معقول وظیفہ اور خوراک کا انتظام کرتے ہیں اور اس کی برکت ہے کہ ہماری مجلس دعوۃ الحق کی طرف سے اڑسٹھ مدارس میں گیارہ سو ساٹھ اساتذہ تربیت یافتہ کام کررہے ہیں ۔ احقر عرض کرتا ہے کہ ناظرین حضرات اس ناکارہ کے لیے بھی دُعا فرمائیں کہ یہاں مجلس اشاعۃ الحق میں بھی اس نوع کا تربیتی مرکز قائم ہوجائے حق تعالیٰ توفیق بخشیں، آمین۔ اَللّٰھُمَّ لَاسَھْلَ اِلَّا مَاجَعَلْتَہٗ سَھْلًا وَّاَنْتَ تَجْعَلُ الْحُزْنَ سَہْلًا اِذَا شِئْتَ تشریح نمبر8 :عظمتِ قرآن کا مفصل بیان تیسرے باب نمبر۵ میں ملاحظہ فرمائیں۔ تشریح نمبر 9 و 10: اس کا بیان مفصل طور پر چوتھے باب کے نمبر ۱ و ۲ میں اور نمبر6 میں ملاحظہ فرمائیں۔