ملفوظات حکیم الامت جلد 23 - یونیکوڈ |
ہر کام کیلئے وقت اور ہر وقت کیلئے کام مناسب ہے - فرمایا کہ ہر کام کے لئے اوقات مقرر ہیں - خلاف اوقات کوئی کام لیتا ہے تو سخت کلفت ہوتی ہے - جلوت کا وقت ظہر کے بعد سے مغرب تک ہے یہی وقت کچھ پوچھنے یا چھپنے یا کہنے سننے کا ہے - دوسرے اوقات میں کوئی تحریری پرچہ بھی پیش کرنا گراں ہوتا ہے - پھر فرمایا کہ میرے اوقات ایسے گھرے ہوئے اور بندھے ہوئے ہیں کہ اگر پانچ منٹ کا بھی حرج ہوجاتا ہے تو دن بھر کاموں کا سلسلہ بگڑجاتا ہے - انقباض شیخ مانع فیض ہے فرمایا کہ مریض کو شیخ کے قلب کا انقباض مانع ہوجاتا ہے اس لئے مرید کو اپنے شیخ سے طالب علمی کی حیثیت سے پڑھنا چاہئے - ہاں بلا کتاب کے بیٹھ جانا تقریر کو سننا اور سوالات نہ کرنا اس کا مضائقہ نہیں - خلوص خود سبب شہرت ہے فرمایا کہ جو کام خالص اللہ کے لئے کیا جاتا ہے بلا قصد شہرت وغیرہ کے اس کی حق تعالیٰ شہرت فرماہی دیتے ہیں - کشش ومیلان کا علاج فرمایا کہ کشش ومیلان کا بالکیہ زائل ہوجانا تو عادۃ ممتنع ہے البتہ تدبیر سے اس میں ایسا ضعف واضمحلال ہوجاتا ہے کہ مقاومت میں صعب نہیں رہتی اور وہ تدبیر صرف واحد میں منحصر ہے کہ عملا اس کشش کے مقتضا کی مخالفت کی جاوے - گو کلفت ہو اس کو برداشت کیا جاوے - اسی سے کسی کو جلدی کو دیر میں علی اختلاف الطبائع اس کشش میں ضعف وا ضمحلال ہوجاتا ہے اور کف کے لئے ہمیشہ قصد وہمت کی ضرورت رہتی ہے مگر اس ضعف کے سبب اس قصد میں بہ سہولت کامیابی ہوجاتی ہے اور اس سے زیادہ توقع رکھنا امنیہ محضہ ہے الا ان یکون من الخوارق اس اصل سے تمام فطریات میں کام لینے سے پریشانی ھباء منثورا ہوجاتی ہے متبصر و تشکر -