ملفوظات حکیم الامت جلد 23 - یونیکوڈ |
تعشق کا علاج تزوج ہے فرمایا کہ تعشق کا علاج تزوج ہے اگر خاص معشوقہ سے ہوتو بہت ہی بہتر ہے ورنہ غیر جگہ نکاح کرن سے دوسرے کے تعشق میں کمی ضرور آ جاتی ہے - باقی تھوڑا بہت میلان تو تمام عمر رہتا ہے اگر اس مقتضا پر عمل نہ ہوتو اس کی فکر نہ کرنا چاہئے - اب کثرت اکل وحرص طعام مرض نہیں فرمایا کہ پہلے لوگوں کے قوی اچھے تھے ان کے حقوق میں کثرت اکل لغیرہ مرض ہوجاتا تھا - اب خود قوے ضعیف ہیں اس لئے قلت اکل کی غرض خوڈ حاصل ہے - اب کثرت اکل وحرص طعام مرض نہیں - ذلت سے بچنے کا حکم شرعی فرمایا کہ ذلت سے بچنے کا خود شریعت کا حکم ہے - اس لئے جب تک حالت غالب نہ ہو یہی طریق ہے مگر جب حال غالب ہوجاتا ہے تو ذلت کو عزت سے زیادہ عزیز سمجھتا ہے - مگر وہ غیر اختیاری ہے اگر نہ ہوتمنا نہ کرے اگر ہوجاوے ازالہ نہ کرے - فساد قلبی کی دلیل ایک صاحب نے لکھا کہ قلب میں قوت انفالیہ کانام ونشان نہیں - صحبت مجلس سے بھی حالت میں کوئی تغیر نہیں ہوتا اس لئے خطرہ ہے کہ کہیں قائلین قلوبنا غلف یا ارشاد لا یجاوز حناجرھم الحدیث کا مصداق تو نہیں ہوگیا فرمایا کہ جو لوگ اس کے مصداق ہوتے ہیں ان کو اس کے مصداق ہونے کا احتمال تک بلکہ التفات تک نہیں ہوتا یہی دلیل ہے اس کے مصداق نہ ہونے کا - حصول کیفیات کے لئے دعا جائز ہے فرمایا کہ حصول کیفیات کے لئے بھی دعا جائز ہے پھر خواہ کسی صورت سے قبول ہو اس پر راضی ہے -