جمعہ اور عیدین کے مسائل و احکام |
|
دونوں خطبوں کے درمیان اتنی دیر بیٹھنا کہ جس میں تین چھوٹی آیتیں پڑھی جاسکیں ۔ خطبہ شروع کرنے سے پہلے خطیب کا منبر پر بیٹھنا۔ نبی کریمﷺکی اقتداء میں خطبہ کا منبر پر پڑھنا ۔ دوسرا خطبہ الفاظ مسنونہ” الْحَمْدُ لِلَّهِ نَحْمَدُهُ وَنَسْتَعِينُهُ “سے شروع کرنا مستحب و بہتر ہے۔ دوسرے خطبے میں نبی کریمﷺکے آل و اصحاب ، ازواج مطہرات خصوصاً خلفاءِ راشدین اور آنحضرتﷺکے دونوں چچا حضرت حمزہ اور حضرت عبّاس کا ذکر اور ان کے لئے دعا کرنا مستحسن ہے، صدر اول سے اس پر عمل چلا آ رہا ہے۔(عالمگیری:1/146 ، 147)جمعہ کے خطبہ کے ممنوعات و مکروہات : جو چیزیں نماز کی حالت میں حرام و ممنوع ہیں وہ خطبے میں بھی حرام و ممنوع ہیں :پس جب امام خطبے کے لئے کھڑا ہو اس وقت سے کھانا پینا، کلام کرنا، تسبیح وغیرہ پڑھنا، سلام کرنا، سلام و چھینک کا جواب دینا وغیرہ سب امورممنوع و حرام ہیں، نبی کریم ﷺ کا اسم مبارک سننے پر زبان سے درود شریف نہیں پڑھنا چاہیئے البتہ دل میں پڑھ لیں اسی طرح صحابہ کرام کے نام پر ”رضی اللہ“عنہ یا چھینک کا جواب ”الحمد للہ“ وغیرہ بھی دل میں کہہ لیں، قریب و دور سب کے لئے یہی حکم ہے خطیب کے لئے بھی خطبے میں کلام وغیرہ کرنا مکروہِ تحریمی ہے لیکن نیکی کا امر کرنا اور برائی سے روکنا اور کوئی شرعی مسئلہ بتا دینا جائز ہے۔