جمعہ اور عیدین کے مسائل و احکام |
|
ایام تشریق کے فضائل : ایّامِ تشریق سال کے مبارک ایّام ہیں ، اِن ایّام کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے عظمت اور فضیلت بخشی ہے ، احادیثِ طیبہ کی روشنی میں اِن ایّام کے چند فضائل ملاحظہ فرمائیں : ایّامِ تشریق مسلمانوں کیلئے عید کے ایّام ہیں ۔(ترمذی:773) ایّامِ تشریق کھانے پینے کے اور ضیافت کے ایّام ہیں ،ان میں روزہ رکھنا بھی جائز نہیں ۔ ( مسلم:1141) ایّامِ تشریق ذکر ِ الٰہی اور اللہ تعالیٰ کو خوب یاد کرنے کے ایّام ہیں ۔(البقرۃ:203)(مستدرک حاکم:1588)ایام تشریق کے اعمال : ایّامِ تشریق چونکہ با برکت اور عظیم ایّام ہیں لہٰذا ان ایّام کو بڑے اہتمام اور رجوع الی اللہ کے ساتھ گزارنا چاہیئے ، اور اِس کیلئے سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ سنت کے مطابق جو اعمال اِن ایّام میں مسنون اور منقول ہیں اُن کو سیکھا اور سمجھا جائے اور ان ایّام میں اُن پر عمل کیا جائے تاکہ اِن مبارک ایّام کی برکتوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹا جاسکے ۔ذیل میں وہ اعمال ذکر کیے جارہے ہیں ، اللہ تعالیٰ ہمیں عمل کی توفیق عطاء فرمائے۔پہلا عمل:کھانے پینے کا اہتمام : حضرت نبیشہ ہذلی نبی کریم ﷺکا یہ قول نقل فرماتے ہیں: ایام تشریق کھانے پینے کے ایام ہیں۔أَيَّامُ التَّشْرِيقِ أَيَّامُ أَكْلٍ وَشُرْبٍ۔ ( مسلم:1141)اِن دنوں میں اللہ تعالی کی طرف سے اپنے بندوں کی ضیافت کا انتظام ہوتا ہے ، اِسی لئے اِن ایام میں روزہ رکھنا جائز نہیں۔(مرقاۃ المفاتیح:4/1417)