جمعہ اور عیدین کے مسائل و احکام |
|
اکیسواں عمل: جمعہ کے دن کے سات جنّت میں لے جانے والے قیمتی اعمال : احادیث کے مطابق سات اعمال ایسے ہیں جو اگر سارے کے سارے کسی جمعہ کے دن سر انجام دیدیے جائیں تو اللہ کے فضل سے جنّت واجب ہوجاتی ہے :(1)(مریض کی عیادت۔(2)جنازہ میں حاضر ہونا۔(3)روزہ رکھنا۔(4)جمعہ کی نماز پڑھنا۔(5)غلام آزاد کرنا۔(6)نکاح میں شرکت۔(7)صدقہ کرنا۔ اب اِن سے متعلّق احادیث ملاحظہ فرمائیں : اِرشادِ نبوی ہے: پانچ اعمال ایسے ہیں جو کسی نے ایک دن کرلیے تو اللہ تعالیٰ اُسے اہلِ جنّت میں سے لکھ دیتے ہیں :مریض کی عیادت کی ،جنازہ میں حاضر ہوا،اُس دن روزہ رکھا ،جمعہ کےلئے گیا اور غلام آزاد کیا۔خَمْسٌ مَنْ عَمِلَهُنَّ فِي يَوْمٍ كَتَبَهُ اللَّهُ مِنْ أَهْلِ الْجَنَّةِ: مَنْ عَادَ مَرِيضًا، وَشَهِدَ جَنَازَةً، وَصَامَ يَوْمًا، وَرَاحَ يَوْمَ الْجُمُعَةِ، وَأَعْتَقَ رَقَبَةً۔(صحیح ابن حبان مخرجاً:2771) جس نے جمعہ کے دن روزہ رکھا،مریض کی عیادت کی ،جنازہ میں حاضر ہوا،صدقہ کیا اور غلام آزاد کیا اُس کیلئے اِن شاء اللہ جنّت واجب ہوگئی ۔مَنْ وَافَقَ صِيَامَ يَوْمِ الْجُمُعَةِ، وَعَادَ مَرِيضًا، وَشَهِدَ جِنَازَةً، وَتَصَدَّقَ وَأَعْتَقَ رَقَبَةً، وَجَبَتْ لَهُ الْجَنَّةُ ذَلِكَ الْيَوْمَ إِنْ شَاءَ اللهُ۔(شعب الایمان:2778) ایک اور روایت میں ہے جس نے جمعہ کی نماز پڑھی ،روزہ رکھا،مریض کی عیادت کی ،جنازہ میں حاضر ہوااور نکاح میں شرکت کی اُس کیلئے جنّت واجب ہوجاتی ہے۔مَنْ صَلَّى الْجُمُعَةَ وَصَامَ يَوْمَهُ، وَعَادَ مَرِيضًا، وَشَهِدَ جِنَازَةً، وَشَهِدَ نِكَاحًا، وَجَبَتْ لَهُ الْجَنَّةُ۔(طبرانی اوسط:2348)