جمعہ اور عیدین کے مسائل و احکام |
|
جمعہ کی نماز میں حاضر ہونے کے فضائل : جمعہ کی نماز ایک عظیم اور فضیلت والی نماز ہے ،یہی وجہ ہے کہ اس میں حاضر ہونے والوں کیلئے احادیث طیبہ میں بہت کثرت سے فضائل ذکر کیے گئے ہیں ، ذیل میں چند فضائل ملاحظہ فرمائیں :جمعہ سے جمعہ تک گناہوں کی معافی : جو شخص جمعہ کے دن غسل کرکےاپنے کپڑوں میں سے اچھے کپڑے پہنےاور اگر میسّر ہو تو خوشبو لگائےپھر جمعہ میں آئے، وہاں لوگوں کی گردن نہ پھلانگے،پھر جتنی اللہ نے اُس کے مقدّر میں لکھی ہو(یعنی حسبِ توفیق)نماز پڑھے،پھر جب اِمام (خطبہ کیلئے)نکلے تو خاموش رہے،یہاں تک کہ نماز سے فارغ ہوجائے تو یہ اس کے اِس جمعہ اور پچھلے جمعہ کے درمیان کے گناہوں کا کفارہ بن جائے گا۔مَنْ اغْتَسَلَ يَوْمَ الْجُمُعَةِ وَلَبِسَ مِنْ أَحْسَنِ ثِيَابِهِ، وَمَسَّ مِنْ طِيبٍ إِنْ كَانَ عِنْدَهُ، ثُمَّ أَتَى الْجُمُعَةَ فَلَمْ يَتَخَطَّ أَعْنَاقَ النَّاسِ، ثُمَّ صَلَّى مَا كَتَبَ اللَّهُ لَهُ، ثُمَّ أَنْصَتَ إِذَا خَرَجَ إِمَامُهُ حَتَّى يَفْرُغَ مِنْ صَلَاتِهِ كَانَتْ كَفَّارَةً لِمَا بَيْنَهَا وَبَيْنَ جُمُعَتِهِ الَّتِي قَبْلَهَا۔(ابوداؤد:343)دس دن کے گناہوں کی معافی : جو غسل کرکےجمعہ میں آیا اور حسبِ توفیق نماز پڑھی پھر اِمام کے خطبہ سے فارغ ہونے تک خاموش رہا اور اُس کے ساتھ نماز پڑھی تو اس جمعہ سے گزشتہ جمعہ تک ،بلکہ اس سے تین دن زیادہ تک کے گناہ معاف کردیے جائیں گے۔مَنِ اغْتَسَلَ ثُمَّ أَتَى الْجُمُعَةَ، فَصَلَّى مَا قُدِّرَ لَهُ، ثُمَّ أَنْصَتَ حَتَّى يَفْرُغَ مِنْ خُطْبَتِهِ، ثُمَّ يُصَلِّي مَعَهُ، غُفِرَ لَهُ مَا بَيْنَهُ وَبَيْنَ الْجُمُعَةِ الْأُخْرَى، وَفَضْلُ ثَلَاثَةِ أَيَّامٍ۔(مسلم:857)