جمعہ اور عیدین کے مسائل و احکام |
|
نماز جمعہ واجب ہونے کی شرطیں : نماز واجب ہونے کی شرطوں کے علاوہ جمعہ واجب ہونے کی مندرجہ ذیل شرطیں ہیں :حرّیت :آزاد ہونا پس غلام پر جمعہ فرض نہیں ہے ۔بلوغت : بالغ ہونا ۔ پس بچے پر جیسے نماز فرض نہیں ، جمعہ بھی فرض نہیں ۔ذکورت : مرد ہونا، عورت اور خنثیٰ مشکل پر جمعہ فرض نہیں ہے۔اقامت :مقیم ہونا، مسافر پر جمعہ فرض نہیں ہے۔صحت : تندرست ہونا ۔مریض پر جمعہ فرض نہیں ہے، جو مرض جامع مسجد تک پیدل جانے سے مانع ہو اس کا اعتبار ہے۔ بڑھاپے کی کمزوری کی وجہ سے مسجد تک نہ جا سکے تو یہ مریض کے حکم میں ہے۔سالم الاعضاء : چلنے پر قادر ہونا، اپاہج پر جمعہ فرض نہیں ہے۔بصر :یعنی اندھا اور کانا نہ ہونا ،پس جو نابینا خود مسجدِ جمعہ تک بلا تکلف نہ جا سکتا ہو اس پر جمعہ لازم نہیں۔صاحبِ عذر نہ ہونا : ترکِ جماعت کا کوئی عذر نہ پایا جائے ۔ (شامیہ :2/153 ،154)(عُمدۃ الفقہ:2/435)شرائطِ وجوب کا حکم : جب تک یہ سب شرطیں نمازی میں نہ پائی جائیں اس وقت تک اس پر جمعہ فرض نہیں ہوتا،لیکن اگر ایسا شخص جمعہ پڑھ لے تو اس کاجمعہ ادا ہو جائے گا اور ظہر کا فرض اس کے ذمہ سے اتر جائے گا ،مثلاً :کوئی مسافر یاعورت نماز جمعہ پڑھے تو نمازِ ظہر اس کے ذمہ سے اتر جائے گی ،بلکہ مسافر مرد و مکلّف کے لئے نماز جمعہ پڑھنا افضل ہے البتہ عورت کے لئے اپنے گھر میں نماز ظہر پڑھنا افضل ہے۔(عُمدۃ الفقہ:2/436 ،437)