جمعہ اور عیدین کے مسائل و احکام |
|
ذبح کے بعد سے متعلّق مسائل : جانور کے ٹھنڈا ہونے کا انتظار کرنا چاہیئے : کھال اتارنے،گوشت بنانے یا سر کو الگ کرنے میں جلدی نہیں کرنی چاہیئے ، کم از کم اتنا انتظار ہو کہ جان نکل جائے اور اعضاء کی حرکت بند ہو جائے۔(بدائع الصنائع:5/80)نیز اس حالت میں جانور کے ہاتھ پاؤں توڑنا یا کاٹنا سب مکروہ ہے ۔کیونکہ ٹھنڈا ہونے سے پہلے یہ تمام کام بلاضرورت جانور کی اضافی تکلیف کا باعث ہیں ، جن سے احتراز ضروری ہے ۔کھال کے احکام : (1)— کھال کو صدقہ کردے ۔(ہدایہ :کتاب الاضحیۃ) (2)— کھال کودباغت کے بعد کوئی چیز بنا کر خود استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ (ایضاً) (3)— یہ بھی جائز ہے کہ کھال کسی غنی یا سید کو ہبہ میں دیدی جائے ۔ (احسن الفتاوی:7/486) (4)— دائمی استعمال کی کسی چیز سے تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔(ایضاً) (5)— فروخت کر دی تو قیمت کا مصرف زکوۃ میں صدقہ کرنا ضروری ہے ۔ (ایضاً) (6)— مدارس اسلامیہ اور دین کی نشر و اِشاعت کے ادارے اِن کھالوں کے بہترین مصرف ہیں ، اِ س میں صدقہ کا ثواب بھی ہے اور علمِ دین کی خدمت بھی ۔