جمعہ اور عیدین کے مسائل و احکام |
|
دوسرا عمل: عشاء اور فجر کی نماز جماعت سے اداء کرنا : شبِ جمعہ میں اگر کوئی قیام اللیل ، تلاوت،درود شریف اور ذکر و اذکار وغیرہ نہیں کرسکتا تو کم از کم ایک یہ عمل تو اختیار کرسکتا ہے کہ عشاء اور فجر کی نماز جماعت کے ساتھ اداء کرے ، کیونکہ حدیث کے مطابق اِس صورت میں بھی ساری رات عبادت کا ثواب مل سکتا ہے ، چنانچہ نبی کریمﷺکا اِرشاد ہے :جوعشاء کی نماز جماعت سے پڑھے اُس نے گویا آدھی رات قیام کیا اور جو فجر کی نماز جماعت سے پڑھے اُس نے گویا ساری رات نماز پڑھی ۔مَنْ صَلَّى الْعِشَاءَ فِي جَمَاعَةٍ فَكَأَنَّمَا قَامَ نِصْفَ اللَّيْلِ، وَمَنْ صَلَّى الصُّبْحَ فِي جَمَاعَةٍ فَكَأَنَّمَا صَلَّى اللَّيْلَ كُلَّهُ۔(مسلم:656) نبی کریمﷺکا اِرشاد ہے : جس نے عشاء کی نماز جماعت سے پڑھی اُس نے اُسی کے بقدر لیلۃ القدر میں سے حصہ پایا ۔مَنْ صَلَّى الْعِشَاءَ فِي جَمَاعَةٍ، فَقَدْ أَخَذَ مِنْ حَظِّهِ مِنْ لَيْلَةِ الْقَدْرِ۔(طبرانی کبیر:7745) اور شبِ جمعہ میں فجر کی نماز کی فضیلت اور اُس کا اجر و ثواب بھی زیادہ ہوجاتا ہے ، جیسا کہ روایات میں اس کی صراحت کی گئی ہے ، چنانچہ نبی کریمﷺکا اِرشاد ہے : بے شک نمازوں میں سب سے افضل نمازجمعہ کے دن صبح (فجر کی نماز)جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا ہے، اور جو تم میں سےاُس(جماعت)میں حاضر ہوگا اُس کے بارے میں میرا خیال یہی ہے کہ اُس کی مغفرت کردی جائے گی۔إِنَّ أَفْضَلَ الصَّلَوَاتِ صَلاةُ الصُّبْحِ يَوْمَ الْجُمُعَةِ فِي جَمَاعَةٍ، وَمَا أَحْسِبُ مَنْ شَهِدَهَا مِنْكُمْ إِلا مَغْفُورًا لَهُ۔(کشف الأستارعن زوائد البزار:621)