ملفوظات حکیم الامت جلد 3 - یونیکوڈ |
|
کفار کے لئے دائمی سزا کی وجہ ( ملفوظ 558 ) فرمایا بظاہر اس پر کہ کفار جہنم میں ہمیشہ رہیں گے یہ اعتراض ہوتا ہے کہ انہوں نے اتنا بڑا گناہ کون سا کیا کہ سزائے دائمی تجویز کی گئی کیونکہ زندگی محدود گناہ محدود ـ پھر سزائے غیر محدود کا کیوں حکم ہوا ـ جواب یہ ہے کہ کفر و شرک کی حقیقت ہے بغاوت ـ دنیا میں بھی قاعدہ ہے کہ سلاطین باغی کو جلا وطن عبور دریائے شور وغیرہ سزا دیتے ہیں ـ کیونکہ سلاطین اس کے کہ عمر بھر کے لئے دے سکیں زیادہ پر قدرت نہیں رکھتے اس وجہ سے زائد سے مجبور ہیں مگر اتنا ظاہر ہو گیا کہ بغاوت کی سزا غیر محدود ہونا چاہئے اور یہ امر بمقتضائے عقل ہے چناچہ جو سلاطین پابند ملت بھی نہیں وہ بھی ایسا کرتے ہیں یہ جواب تو الزامی ہے اس کی حقیقت میں غور کرنا چاہئے حق تعالی مالک حقیقی ہیں اور ان کے صفات غیر متناہی ہیں اور ہر صفت کا ایک حق ہے اب جو شخص ایسے مالک جامع کمالات غیر متناہی کے حقوق کو ضائع کے گا اس کی سزا بھی غیر متناہی ہونا چاہئے پس یہ سزا عین موافق عقل کے ہوئی ـ الحمدللہ حصہ سوم الافاضات الیومیہ کا تمام ہوا ـ