ملفوظات حکیم الامت جلد 3 - یونیکوڈ |
|
تجدید بیعت سے متعلق ایک سوال کا جواب ( ملفوظ479 ) تجدید بیعت کے متعلق ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اگر شیخ سابق متبع سنت تھے تو ان کی بیعت مع اپنی برکت کے ویسی ہی باقی ہے پھر ضرورت نہیں تجدید بیعت کی اور اگر متبع سنت نہ تھے تو وہ بیعت ہی صحیح نہیں ہوئی اب جہاں چاہے اور جس سے چاہے بیعت کر لی جائے مگر ساتھ ہی شیخ سابق کے متعلق اسکا لحاظ رہے ـ واھجرھم ھجرا جمیلا یعنی ہجر تو ہو مگر جمیل یعنی شیخ سابق کی بیعت فسخ کرنے کے بعد بھی اسکی گستاخی نہ کرے اس تجدید میں میرا یہ بھی معمول ہے کہ میں گستاخی کو منع کر دیتا ہوں 23 صفر المظفر 1351 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم چہار شنبہ دوسروں کے کہنے پر کسی سے شکایت نہ ہونا ( ملفوظ480 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ مجھ کو جو کسی سے شکایت پیدا ہوتی ہے وہ اپنی تحقیق سے ہوتی ہے کسی کے اثر سے نہیں ہوتی بعض لوگ احباب میں سے دوسروں کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں کہ ان کے اس معاملہ سے یہ فاسد غرض ہے مگر الحمد اللہ میں کبھی اس سے اثر نہیں لیتا حسن ظن اسقدر عطا ہوا ہے کہ روایت سے کبھی سوء ظن ہوتا ہی نہیں یہ بھی میرا ایک معمول ہے ـ آجکل کے مصنف ( ملفوظ481 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ایک صاحب نے سیرت میں ایک قائد غیر مسلم کی مدح لکھی ہے وہ کتاب میرے پاس بھی بھیجی میں نے لکھ دیا کہ میں ایسی کتاب اپنی ملک میں رکھنا نہیں چاہتا جس میں روح سیرت یعنی نبوت کے مکذب کی مدح کی گئی ہو آجکل ہر شخص مصنف بن بیٹھا ہے آزادی کا زمانہ ہے مگر میں نے حقیقت کو ظاہر کر دیا اور یہ ایک ضروری چیز ہے کہ حقیقت ظاہر ہونا چاہیئے پھر خواہ کوئی اسطرف جائے خواہ اسطرف انا ھدینہ السبیل اما شاکر واما کفورا دونوں راستے کھلے ہوئے ہیں البتہ جہاں تبلیغ نہیں ہوئی تو تو کہنا واجب ہے اور تبلیغ وہاں کرنی چاہیئے اب یہ صاحب یہاں پر آتے ہیں اس میرے لکھ دینے پر لکھا تھا کہ زمانہ جاہلیت میں ایسا لکھا گیا ہے ـ 23 صفر المظفر 1351 ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم چہار شنبہ مہر کم کرنے کا مطلب ( ملفوظ 482 ) ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ مہر کم کرنے سے مراد یہ ہے کہ تمام