ملفوظات حکیم الامت جلد 3 - یونیکوڈ |
|
عورت کو مرد سے مشورہ کرنا ضروری ہے ( ملفوظ 470 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ عورت کو بدون مشورہ مرد کے کوئی کام نہیں کرنا چاہیئے حدیث میں تو یہاں تک آیا ہے یہ حدیث نسائی میں ہے کہ اگر عورت اپنا مال بھی صرف کرے وہ بھی بدون اجازت زوج کے نہ کرے ـ آج کل کی تعلیم کا اثر ( ملفوظ 471 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ آجکل کی تعلیم اور تہذیب کا یہ اثر ہے کہ امریکہ میں ایسے تعلیم یافتہ لوگ اہل تمول کے بچوں لڑکوں کو پکڑ کر چھپا دیتے ہیں اور گمنام اطلاع کر دیتے ہیں کہ اتنا ہزار روپیہ فلاں رکھ دو بچوں کو چھوڑ دیا جائے گا ورنہ ضائع کر دیا جائے گا ـ حضرت کوئی ترقی جب تک وحی کے ماتحت نہ ہو پرامن نہیں ہو سکتی ـ رزق میں تدبیر کامل طور پر موثر نہیں ( ملفوظ 472 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ بین ظاہر طور پر ہر وقت مشاہدہ ہوتا ہے کہ رزق میں کوئی تدبیر کافی موثر نہیں ایک ہی تدبیر دو شخص کرتے ہیں ایک کامیاب ہوتا ہے دوسرا ناکام ایک ہی سامان کی دو دوکانیں پاس پاس ہیں ایک چلتی ہے دوسری نہیں چلتی پس نہ اسکے ہونے پر ناز چاہیئے اور نہ اسکے نہ ہونے پر مایوس ہونا چاہیئے فقہا نے اس روز کو خوب سمجھا ہے افلاس کی حالت میں افلاس کا حکم کیا کما ذکر وہ فی باب الحجر الدین اور غنا کی حالت میں غنی کو رزق قاضی نہ لینے کی اجازت نہیں دی اور تصریح فرمائی ہے کہ اگر قاضی کو مالی وسعت ہو اور بیت المال سے کچھ ملے تو لے لے انکار نہ کرے اس لئے کہ بعد میں اگر قاضی کا تقرر ہوگا اور اس میں وسعت پر کیا اختیار ہے اگر وسعت نہ رہی تو پھر مشکل پڑے گی ـ صوفی کا سب سے بڑا کمال ( ملفوظ 473 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ لوگ خاص خاص چیزوں کو کمال سمجھتے ہیں کوئی عبادت کو کوئی تقویٰ کو مگر محققین سب سے بڑا کمال اسکو سمجھتے ہیں کہ بندہ اپنے نقائص کو پیش نظر رکھے ـ تحریکات حاضرہ میں ظلمت ( ملفوظ 474 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ میں دیکھتا ہوں کہ ان نئی چیزوں میں اکثر میں نور نہیں