ملفوظات حکیم الامت جلد 3 - یونیکوڈ |
|
غیر قوموں کی تقلید مسلمانوں کی مفید نہیں میں یہ نہیں کہتا کہ جو تدبیریں یورپ اور غیر قوموں نے اختیار کی ہیں ـ ان کا دنیوی کامیابی میں کوئی اثر نہیں ـ ہاں یہ ضرور کہوں گا کہ مسلمانوں کو ان تدبیروں سے فائدہ حاصل نہیں ہو سکتا کیونکہ مسلمانوں کے لئے ان تدبیروں کے اثر کرنے میں ایک رکاوٹ ہے اور وہ رکاوٹ ان کا گناہ اور خدا تعالٰی کی نافرمانی کرنا ہے اور رکاوٹ کافروں میں نہیں ہے کیونکہ ان پر جزئی عملوں کی ذمہ داری نہیں ان پر تو ایمان لانے کی ذمہ داری ہے ـ اور ایمان نہ لانے پر اور کفر کرنے ہی پر ایسا سخت عذاب ہوگا جس سے بڑھ کر کوئی عذاب نہیں ـ باقی عملوں کی ان سے پوچھ نہ ہوگی ـ نہ ان کی سزا ملے گی ـ اور مسلمانوں سے الحمد للہ کفر کا عذاب ہٹا ہوا ہے ـ ان سے تو عملوں پر پوچھ ہوگی اور جب یہ ایسے طریقے اختیار کرتے ہیں جو خدا تعالٰی کے حکم کے خلاف ہیں تو ان کو کامیابی ہوا نہیں کرتی ـ اللہ تعالی ان تدبیروں میں سے اثر کو دور کر دیتے ہیں تاکہ اس مخالفت کی سزا دنیا ہی میں بھگت لیں اور ہر قوم کی ترقی اور کامیابی کا طریقہ الگ ہے ـ یہ ضروری نہیں کہ جو طریقہ ایک قوم کو فائدہ دے وہ سب کو ہی فائدہ دے ـ اور اگر ہم مان بھی لیں کہ یہ تدبیریں ہمیں بھی فائدہ دیں گی تب بھی خداوندی احکام کی پیروی فرض ہے اور ان ناجائز تدبیروں کا اختیار کرنا ہر گز روا نہ ہوگا ـ دیکھئے شراب اور جوئے اور سود میں نفع ہے ـ خود ارشاد عزوجل ہے ـ قل فیھما اثم کبیر و منا فع اللناس کہہ دیجئے شراب اور جوئے میں بڑا گناہ ہے اور لوگوں کو کچھ فائدے بھی ہیں ) لیکن ایسے فائدے کو لے کر کیا کریں ـ جس میں خدا تعالی کا غضب بھی ملا ہوا ہے ـ لوگ تدبیر کرتے ہیں شریعت کے خلاف اور چاہتے ہیں کہ یہ علماء ساتھ دیں ـ ( المرابط ص 48 ) اور وہ فائدہ ہی کہاں ہوا ـ جس میں خدا تعالی کا عذاب نازل ہوا اور دین و دنیا دونون کی تباہی ہو ـ اس لئے مسلمانوں میں ان تدبیروں سے ترقی نہیں ہو سکتی بلکہ اور تنزلی ہوگا اور ہوتا جا رہا ہے ( تسہیل ) ترقی کی قسمیں ترقی اچھی باتوں میں بھی ہوتی ہے اور بری باتوں میں بھی مگر بھلائیوں میں تو ترقی کوشش کر کے حاصل کرنے کے قابل ہے اور برائیوں میں نہیں ورنہ نہ ایک ڈاکو کو بھی یہ کہنے کا حق ہے کہ مجھے ڈاکہ سے کیوں منع کیا جاتا ہے میں تو ترقی کرنا چاہتا ہوں بلکہ اسی طرح ہو دھوکہ باز کو چور کو ، گرہ کٹ کو ، کفن چور ، رشوت لینے والے کو ، سود خور کو سٹہ باز کو غرض ہر بدمعاش کو یہ کہنے کا حق