ملفوظات حکیم الامت جلد 3 - یونیکوڈ |
|
9 محرم الحرام 1351 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم دو شنبہ بد فہمی کے متعدد دلچسپ واقعات : ( ملفوظ 227 ) ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت کا ایک وعظ ہے تقویم الزیغ اس کو جو تسہیل المواعظ کے سلسلہ میں سہل کیا گیا ہے تو اس میں تقویم الزیغ کا ترجمہ مترجم نے کیا ہے کجی کی درستی ایک شخص نے وعظ منگایا اس پر بہت برا بھلا لکھا کہ تم لوگوں کو دھوکہ دیتے ہو وعظ اور لکھا ہے کجی کی درستی اس میں کجی کے نسخے کہاں ہیں خدا کے بندہ نے بجائے قلب کی کجی کے عضو کی کجی کو سمجھ لیا یہ سنکر حضرت والا نے تبسم فرماتے ہوئے کئی واقعے کم فہموں کے بیان فرمائے کہ حق السماع میری ایک کتاب ہے ایک پیرزادے بیان کرتے تھے کہ گنگوہ میں عرس کے موقع پر وہی پیرزادے مختلف کتابیں فروخت کر رہے تھے اس میں سے یہ رسالہ بھی تھا ایک شخص نے رسالہ کی لوح دیکھ کر پوچھا کہ یہ کس کی تصنیف سے ہے اس نے میرا نام لیا تو وہ شخص بہت خوش ہوا کہ سماع کو اس نے بھی حق کہا ہے اور اسکی قیمت دریافت کی اور اس نے قیمت بتلادی شائد ایک ہی دو جلد باقی تھی فورا خرید لی اس خیال سے کہ کوئی اور نہ خرید لے اور پھر نہ ملے خرید کر جو دیکھا تو اس میں سماع کی حقیقت کو ظاہر کیا گیا ہے بہت خفا ہوا کہ لوگوں کو دھوکا دیا جاتا ہے ایسا نام رکھا ہے کہ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سماع کوحق کہا ہے اور لکھا ہے اسکے خلاف اس بھلے مانس سے کوئی پوچھتا کہ حق السماع کے نام سے سماع کا حق ہونا لازم آیا ایک اور شخص نے لکھا تھا کہ تم نام رکھنے میں بہت دھوکا دیتے ہو تم نے نام تو رکھا ہے اصلاح الرسوم اور اس میں ہے رسوم کا ابطال میں نے کہا کہ مرض کا اصلاح تو اسکے ازالہ ہی سے ہو سکتی ہے اسی طرح بہشتی زیور میں ایک نسخہ ہے نمک سلیمانی کا اس میں مزید آسانی اورسہولت کے لئے نمک کا وزن عبارت میں لکھ دیا گیا ہے کہ نمک سرسٹھ تولہ تو میرے پاس چند خطوط اس مضمون کے آئے کہ ایک تو تم نے نمک کا وزن نہیں لکھا اور دوسرے سڑسٹھ کیا دوا ہے بہت تلاش کی کہیں نہیں ملتی ایک مضمون میں لفظ حضرت سلمہ لکھا تھا تو ایک لکھے پڑھے صاحب پوچھتے ہیں کہ یہ حضرت سلمہ کون ہیں جن سے روایت ہے یہ آفت ہے اس بد فہمی کا کیا علاج اسی سلسلہ میں فرمایا کہ ایک صاحب مجھ سے فرمانے لگے کہ آپ کے وعظوں میں بعض مضامین سخت بہت ہیں اگر ہیں انکو سہل کر دیا جائے تو مناسب ہے میں نے کہا کہ کیا ان میں ایسے مضامین بھی ہیں جو آپکے نزدیک سہل ہیں اور گاؤں والوں کے نزدیک سخت ہیں کہنے لگے ہاں میں نے کہا تو انکو آپ اول سہل کر دیجئے کیونکہ انکو آپ سمجھ چکے ہیں سہل کرنا آسان ہوگا مگر اس