حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کا عہد شباب |
|
امام راغب رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں : اَلْکَرَمُ جب اللہ کی صفت ہو تو اس سے احسان و انعام مراد ہوتا ہے جو ذات باری تعالیٰ سے صادر ہوتا رہتا ہے۔ قرآن مجید میں ہے فَاِنَّ رَبِّیْ غَنِیٌّ کَرِیْمٌ (النمل:۴۰) ترجمہ:تو میرا پرودگار بے پرواہ اور کرم کرنے والا ہے۔ اور جب انسان کی صفت ہو تو پسندیدہ اخلاق اور افعال مراد ہوتے ہیں جو کسی انسان سے ظاہر ہوتے ہیں اور کسی شخص کو اس وقت تک کریم نہیں کہا جاسکتا جب تک کہ اس سے کرم کا ظہور نہ ہو چکا ہو۔ بعض علماء نے کہا ہے کہ ’’حُرِّیّت‘اور کَرَمْ ہم معنیٰ ہیں ، حریت کا لفظ چھوٹی بڑی قسم کی خوبیوں پر بولا جاتاہے اور کرم صرف بڑے بڑے محاسن کو کہتے ہیں ۔ مثلاً :جہاد میں فوج کے لیے سازو سامان مہیا کرنا یا کسی ایسے بھاری تاوان کو اٹھا لینا جس سے قوم کے خون اور جان کی حفاظت ہوتی ہو۔ اور آیت اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْد اللّٰہِ اَتْقَاکُمْ (الحجرات) اور خدا کے نزدیک تم میں وہ زیادہ عزت والا ہے جو زیادہ پرہیز گار ہے۔ میں ’’اَتْقٰی‘‘ یعنی سب سے زیادہ پرہیز گار کو ’’اَکْرَمُ‘‘ یعنی سب سے زیادہ عزت و تکریم کا مستحق ٹھہرانے کی وجہ یہ ہے کہ کَرَمْ بہترین صفات کو کہتے ہیں اور سب سے بہتر اور پسندیدہ کام وہی ہو سکتے ہیں جن سے رضا ئے الٰہی کے حصول کا قصد کیا جائے لہٰذا جو جس قدر زیادہ پرہیز گار ہوگا اسی قدر زیادہ واجبُ التکریم ہوگا۔ ’’اَلْکَرِیْم ‘‘کاقرآنی مطالعہ نیز اَلْکَرِیْمُ ہر اس چیز کو کہتے ہیں جو اپنی ہم نوع چیزوں میں سب سے زیادہ با شرف ہو مثلاً: نفاست :وَاَنْبَتْنَا فِیْھَا مِنْ کُلِّ زَوْجٍ کَرِیْمٍ (ق:۷) پھر (ہم نے ) اس میں ہر قسم کی نفیس چیزیں اگائیں بڑے رتبے والے :وَزُرُوْعٍ وَّمَقَامٍ کَرِیْمٍ (الدخان:۲۶) اور کھیتیاں اور نفیس مکان اِنَّہٗ لَقُرْاٰنٌ کَرِیْمٌ (الواقعہ:۷۷) کہ یہ بڑے رتبے کا قرآن ہے۔ باادب:وَقُلْ لَّھُمَا قَوْلًا کَرِیْمًا (بنی اسرائیل۔۲۲) اور ان سے بات ادب کے ساتھ کرنا۔ باشرف:اَلْاِکْرَامُ وَالتَّکْرِیْمُ کے معنیٰ ہیں کسی کو اس طرح نفع پہنچانا کہ اس میں اس کی کسی طرح کی سبکی اور خفت نہ ہو یا جو نفع پہنچایا جائے وہ نہایت باشرف اور اعلیٰ ہو اور اَلْمُکَرَّمْ کے معنیٰ معزز اور با شرف کے ہیں ۔ قرآن میں ہے۔ معزز:ھَلْ اتٰکَ حَدِیْثُ ضَیْفِ اِبْرَاھِیْمَ الْمُکْرَمِیْن (الذاریات۔۲۴) بھلا تمہارے پاس ابراہیمؑ کے معزز مہمانوں کی خبر پہنچی ہے؟