حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کا عہد شباب |
|
محتاجِ دُعاء یادگارِ اسلاف استاذ العلماء، قدوۃ العارفینحضرت مولانا عبدالحفیظ مکی صاحب مدظلہ خلیفہ مجاز قطب الاقطاب حضرت شیخ مولانا محمد زکریا صاحب کاندھلوی ثم المہاجر المدنی نوراللہ مرقدہ و شیخ الحدیث سابقًا بالمدرسۃ الصولیۃ بمکۃ المکرمۃ بِسم اللّٰہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم اَلْحَمْدُلِلّٰہِ وَحْدَہٗ وَالصَّلاۃ والسَّلامُ عَلٰی مَنْ لَّانَبیَّ بَعْدَہٗ وعلٰی آلہٖ اصحابہٖ اجمعین امابعد! حضرت مولانا محمد اسلم زاہدؔ صاحب مدظلہ کی کتاب حضرت محمدﷺ کا عہدِ شباب ’’فجر ہونے تک‘‘ جس میں انہوں نے حضوراقدس ﷺ کی عمر مبارک کے ۱۲ سال سے لے کر چالیس سال کی عمرتک کا تفصیلی تذکرہ فرمایا ہے۔ رسول اکرمﷺ کی مبارک زندگی ساری کی ساری بے مثال تھی ہر ہر مرحلہ میں وہ اُمّت کے ہر فر دکیلئے اسوئہ حسنہ تھے۔حضر ت مولانا محمد اسلم زاہدؔ صاحب نے سیرتِ مبارکہ کے اس سنہری دور کا احاطہ فرمایا ہے ، جو ایک منفرد کوشش ہے اس سیاہ کار کے علم کے مطابق اس موضوع پر یہ پہلی کتاب ہے ،یہ کتاب مصنف کی سچی محبتِ رسول ﷺ کی نشاندہی کرتی ہے۔حضور اقدس ﷺ کی سیرت مبارک کا ہر مرحلہ قابلِ اہتمام ہے ہر مرحلہ مہتم بالشان ہے۔ اللہ تعالیٰ مصنّف مکرم و کریم کو اپنی شایان شان جزائے خیر عطا فرمائے کہ بہت ہی اہم موضوع اور حضورﷺ کی سیر ت مبارکہ کے اہم دور کے حالات جمع فرمادیے اللہ تعالیٰ ان کی اس مبارک کتاب کو صدقہ جاریہ بنائے،حضوراقدسﷺ کی عظمت ، تقدس و محبت اور قلبی تعلق بڑھانے کاذریعہ مبارک بنائے کہ یہ شرعًا مطلوب و محمود ہے، اپنی مخلوق کو اللہ تعالیٰ اس سے مستفید و مستفیض فرما کر حضور اقدس صلوات اللہ وسلام علیہ کے کامل اتباع سے نوازے۔ وَصَلَّی اللّٰہ تَعَالیٰ عَلٰی خَیْرِخَلْقِہٖ وَسَیّد مُرْسلہٖ وَخَاتم انْبِیَاءہٖ سیّدناوحبیبنَا وقرۃاَعْیُننَا ونبینا ومَوْلَانامحمّدالنَّبی الامّیِّ الکَرِیم وَعَلی آلہٖ وَاصحابہ واَزْواجہٖ واتبَاعِہٖ اَجْمعِیْن وَبَارِک وسلِّمْ تَسْلیمًا کَثیرًا کثیرًا کتبہ الفقیرالٰی رَحْمَۃ ربِّہ الکَرَیم عبدالحفیظ المکی ۸محرم ۱۴۳۷ھ مکہ مکرمہ