جمعہ اور عیدین کے مسائل و احکام |
|
ایک اور روایت مین شبِ جمعہ درود پڑھنے والے کی یہ فضیلت ذکر کی گئی ہے کہ اللہ کے نبی ﷺقیامت کے دن اُس کے سفارشی اور اُس کے حق میں گواہی دینے والے بنیں گے ۔چنانچہ روایت میں ہے : حضرت انس نبی کریمﷺکا یہ اِرشاد نقل فرماتے ہیں : جمعہ کے دن اور شبِ جمعہ میں مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، پس جس نے یہ عمل اختیار کیا تو کل قیامت کے دن مَیں اُس کے لئے گواہ اور سفارشی بنوں گا۔أَكْثِرُوا عَلَيَّ الصَّلَاةَ فِي يَوْمِ الْجُمُعَةِ، وَلَيْلَةِ الْجُمُعَةِ، فَمَنْ فَعَلَ ذَلِكَ كُنْتُ لَهُ شَهِيدًا، أوَ شَافِعًا يَوْمَ الْقِيَامَةِ۔(شعب الایمان:2771) ایک روایت سے شبِ جمعہ درود پڑھنے والوں کے درود کا خصوصیت کے ساتھ لکھا جانا معلوم ہوتا ہے ، ویسے تودرود شریف جب بھی پڑھا جائےفرشتے اُسے لکھتے اور نبی کریمﷺکی خدمت میں نام اور ولدیت کے ساتھ پہنچاتے ہیں ،جیساکہ احادیث میں اس کی تفصیل موجود ہے ، لیکن جمعہ کی شب اور جمعہ کے دن اللہ تعالیٰ کی جانب سے خصوصی طور پر کچھ فرشتوں کو بھیجا جاتا ہے جو اللہ کے نبی پر درود پڑھنے والوں کے درود کو سونے کے قلم سے لکھتے ہیں ۔چنانچہ روایت میں آتا ہے : حضرت جعفر بن محمد فرماتے ہیں : جب جمعرات کا دن ہوتا ہے تو عصر کے وقت اللہ تعالیٰ کچھ فرشتوں کو آسمان سے زمین پر اُتارتے ہیں جن کے پاس سونے کے تختے اور ہاتھوں میں سونے کے قلم ہوتے ہیں ، وہ اُس رات اور دن میں غروبِ شمس تک نبی کریمﷺپر (درود پڑھنے والوں کے)درود لکھتے رہتے ہیں ۔إِذَا كَانَ يَوْمُ الْخَمِيسِ عِنْدَ الْعَصْرِ أَهْبَطَ اللهُ مَلَائِكَةً مِنَ السَّمَاءِ إِلَى الْأَرْضِ، مَعَهَا صَفَائِحُ مِنْ ذهَبٍ بِأَيْدِيهِمَا أَقْلَامٌ مِنْ ذَهَبٍ تَكْتُبُونَ الصَّلَاةَ عَلَى مُحَمَّدٍ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي ذَلِكَ الْيَوْمِ، وتِلْكَ اللَّيْلَةِ إِلَى الْغَدِ إِلَى غُرُوبِ الشَّمْسِ۔(شعب الایمان : 2775)