حصن حصین مترجم اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
۱۳۔ ایک اور حدیث میں آیا ہے کہ حضرت ابی بن کعب ؓ نے رسول اللہﷺ کی خدمت اقدس میں عرض کیا: یارسول اللہ! میں نے اذ کار و دعا کا (اپنا تمام وقت) آپ پر درود پڑھنے کے لیے ہی وقف کردیا، حضور ﷺ نے فرمایا: تب تو تمہاری تمام مشکلیں حل (اور ضرورتیں پوری) ہوجائیں گی اور تمہارے گناہ بھی معاف ہوجائیں گے (آخرحدیث تک)۔2 ۱۴۔ ایک اور حد یث میں آیا ہے کہ جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجے گا، اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرمائیں گے۔3 ۱۵۔ ایک اور حدیث شریف میں آیا ہے کہ ایک دن رسول اللہﷺ تشریف لائے۔ آپ کے چہرہ مبارک سے خوشی اور مسرت کے آثار ظا ہر ہورہے تھے تو آپ نے فرمایا کہ میرے پاس (ابھی ابھی) جبرائیل آئے اور کہا: آپ کے پروردگار نے فرمایا ہے کہ اے محمد! کیا تم اس بشارت سے خوش نہ ہو گے کہ تمہاری امت میں سے جوشخص بھی تم پر ایک مرتبہ درود بھیجے گا، میں اس پر دس بار رحمتیں نازل کرونگا اور تمہاری امت میں سے جو شخص بھی تم پر ایک مرتبہ سلام بھیجے گا تو میں دس مرتبہ اس پر سلامتی نازل کرونگا۔4 ۱۶۔ ایک اور حدیث شریف میں آیا ہے کہ رسول اللہﷺ نے ارشادفرمایا: جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتے ہیں اور اس کی دس خطا ئیں معاف کردی جاتی ہیں(اور جنت میں) اس کے دس درجے بلند کر دیئے جاتے ہیں اور دس نیکیاں بھی اس کے لیے لکھ دی جاتی ہیں۔1 ۱۷۔ ایک اور حدیث شریف میں آیا ہے کہ جو شخص نبی اکرمﷺ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے اس پر ستر۔ّ مرتبہ رحمتیں (اور رحمت کی دعائیں) بھیجتے ہیں۔2