حصن حصین مترجم اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
آندھی اور طوفان کے وقت ۱۔ جب آندھی آئے تو اس کی طرف منہ کرکے دو زانو بیٹھ کر اور گھٹنوں پر ہاتھ رکھ کر یہ دعا کرے: اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ خَیْرَھَا وَخَیْرَ مَا فِیْھَا وَخَیْرَ مَا اُرْسِلَتْ بِہٖ وَاَعُوْذُ بِکَ مِنْ شَرِّھَا وَشَرِّ مَا فِیْھَا وَشَرِّ مَا اُرْسِلَتْ بِہٖ۔ اے اللہ! میں تجھ سے اس آندھی کی خیر و برکت کا، اور جو کچھ اس میں ہے اس کی خیر و برکت کا، اور جو یہ اپنے ساتھ لائی ہے، اس کی خیر و برکت کا سوال کرتا ہوں، اور اس آندھی کے شر سے، اور جو اس آندھی میں ہے، اس کے شر سے، اور جو یہ اپنے ساتھ لائی ہے، اس کے شر سے تیری پناہ لیتا ہوں۔ ۲۔ اور یہ دعا پڑھے: اَللّٰھُمَّ اجْعَلْھَا رِیَاحًا وَّلَا تَجْعَلْھَا رِیْحًا۔ اَللّٰھُمَّ اجْعَلْھَا رَحْمَۃً وَّلَا تَجْعَلْھَا عَذَابًا۔ اے اللہ! تو ان کو خیر و برکت لانے والی ہوائیں بنادے، اور (تباہ و برباد کرنے والی ہوا) کا طوفان نہ بنائیو۔ اے اللہ! تو اس ہوا کو رحمت بنادے اور عذاب و قہر خداوندی نہ بنائیو۔ ۳۔ اگر آندھی کے ساتھ اندھیری بھی ہو تو سورہ قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ بھی پڑھے۔ ۴۔ اور یہ دعا بھی مانگے: اَللّٰھُمَّ اِنَّا نَسْئَلُکَ مِنْ خَیْرِ ہٰذِہِ الرِّیْحِ وَخَیْرِ مَا فِیْھَا وَخَیْرِ مَا اُمِرَتْ بِہٖ، وَنَعُوْذُ بِکَ مِنْ شَرِّ ہٰذِہِ الرِّیْحِ وَشَرِّ مَا فِیْھَا وَشَرِّ مَا اُمِرَتْ بِہٖ۔1 اے اللہ! ہم تجھ سے اس ہوا (آندھی) کی خیر و برکت کا، اور جو اس ہوا میں ہے، اس کی خیر و برکت کا، اور جو اسے حکم دیا گیا ہے، اس کی خیر و برکت کا سوال کرتے ہیں اور اس ہوا کے شر سے اور جو اس ہوا میں ہے، اس کے شر سے، اور جو اسے حکم دیا گیا ہے، اس کے شر سے پناہ مانگتے ہیں۔