حصن حصین مترجم اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَتُوْبُ اِلَیْکَ مِنْھَا لَا اَرْجِعُ اِلَیْھَا اَبَدًا۔ اے اللہ! میں تیرے سامنے اس (خطا یا گناہ) سے توبہ کرتا ہوں اور (عہد کرتا ہوں کہ) پھر کبھی یہ گناہ یا خطا ہرگز نہیں کروں گا۔ فائدہ: حدیث شریف میں آیا ہے کہ جو شخص اس طرح توبہ کرے گا، اس کا گناہ بخش دیا جائے گا، بشرطیکہ دوبارہ وہی گناہ نہ کرے۔2نماز توبہ ۱۔ جو شخص بھی کوئی گناہ کر بیٹھے تو فوراً کھڑا ہو اور (گناہ سے طہارت کی نیت سے) اچھی طرح غسل یا وضو کرے۔ پھر دو رکعت نمازِ توبہ پڑھے، اس کے بعد اللہ تعالیٰ سے اس گناہ کی مغفرت طلب کرے۔ فائدہ: حدیث شریف میں آیا ہے کہ جو شخص اس طریق پر (غسلِ توبہ اور نمازِ توبہ کے بعد) اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کرے گا، اس کا گناہ ضرور معاف کردیا جائے گا۔1 ۲۔ کوئی بڑا گناہ سرزد [واقع] ہوجائے تو تین مرتبہ یہ الفاظ کہے: اَللّٰھُمَّ مَغْفِرَتُکَ اَوْسَعُ مِنْ ذُنُوْبِیْ وَرَحْمَتُکَ اَرْجٰی عِنْدِیْ مِنْ عَمَلِیْ۔ اے اللہ! تیری مغفرت میرے گناہوں سے بہت زیادہ وسیع ہے اور مجھے اپنے عمل کی بنسبت تیری رحمت کی بہت زیادہ امید ہے۔ فائدہ: حدیث شریف میں آیا ہے کہ ایک شخص رسول اللہﷺ کی خدمت میں (روتا پیٹتا) ’’ہائے میرے گناہ‘‘،’’ہائے میرے گناہ‘‘ کہتا آیا۔ آپ نے اس شخص کو مذکورہ بالا دعا تعلیم فرمائی۔ اس نے اسی طرح دعا کی۔ آپ نے فرمایا: دوبارہ کہو۔ اس نے دوبارہ یہی کلمات کہے۔ آپ نے فرمایا: سہ بارہ کہو۔ اس نے تیسری مرتبہ یہی کلمات کہے۔ اس کے بعد آپ نے فرمایا: اٹھو جائو، اللہ نے (تمہارے گناہ) بخش دیئے۔2