حصن حصین مترجم اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
گھر میں داخل ہونے اور گھر سے نکلنے کے وقت کی دعائیں ۱۔ جب گھر میں داخل ہو یا گھر سے نکلے تو یہ دعا پڑھے اور پھر (گھر والوں کو) سلام کرے۔1 اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ خَیْرَ الْمَوْلَجِ وَخَیْرَ الْمَخْرَجِ بِسْمِ اللّٰہِ وَلَجْنَا وَبِسْمِ اللّٰہِ خَرَجْنَا وَعَلَی اللّٰہِ رَبِّنَا تَوَکَّلْنَا۔2 اے اللہ! میں تجھ سے گھر کے اندر آنے اور گھر سے باہر جانے کی خیرو برکت کا سوال کرتا ہوں۔ ہم اللہ کے نام کے ساتھ ہی گھر میں آتے ہیں اور اللہ کے نام کے ساتھ ہی گھر سے جاتے ہیں، اور اپنے پروردگار اللہ جل شانہ پر ہی ہمارا بھروسہ ہے۔ ۲۔ حدیث شریف میں آیا ہے: جب انسان گھر آتا ہے اور گھر میں داخل ہونے کے وقت، کھانا کھانے کے وقت اللہ تعالیٰ کا ذکر کرلیتا ہے تو شیطان اپنی ذریت (شتونگڑوں) سے کہتا ہے: (اس گھر میں) نہ تمہارے لیے رات کا ٹھکانا ہے اور نہ کھانا پینا (چلو یہاں سے)، اور جو شخص گھر میں داخل ہوتے وقت اللہ کا ذکر نہیں کرتا تو شیطان(اپنی ذریت سے) کہتا ہے: (آئو آئو) رات کا ٹھکانا بھی تمہیں مل گیا اور کھانا بھی (اسی گھر میں ڈیرے ڈال دو)۔3 فائدہ: بہتر تویہ ہے کہ مذکورہ بالا دعا پڑھے، ورنہ جو بھی مناسب دعا یاد ہو، پڑھ لیا کرے۔سرِ شام [شام ہوتے وقت] اور رات کے آداب اور دعائیں ۱۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ سرِشام چھوٹے بچوں کو گھر سے باہرنہ نکلنے دو، اس لیے کہ اس وقت شیاطین نکل پڑتے ہیں اور پھیل جاتے ہیں۔ جب کچھ رات گذر جائے تو چھوڑدو(اور اندر باہر آنے جانے دو)۔اور سوتے وقت بِسْمِ اللّٰہِ کہہ کر دروازے بند کردو اور بِسْمِ اللّٰہِ کہہ کرہی چراغ بجھائو اور بِسْمِ اللّٰہِ کہہ کر ہی مشکیزوں [مٹکے وغیرہ] کا منہ باندھ دو اور بِسْمِ اللّٰہِ کہہ کر ہی (کھلے) برتن ڈھکو اور کچھ نہ ہو تو کوئی بھی چیز (لکڑی وکڑی) برتن کے اوپر رکھ دو (تاکہ شیطان کے اثر سے سب چیزیں محفوظ رہیں)۔1