حصن حصین مترجم اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
فائدہ: حدیث شریف میں آیا ہے کہ جو شخص اللہ سے مذکورہ بالا عہد و معاہدہ کرے گا (اور پھر اس پر قائم رہے گا) تو اللہ پاک قیامت کے دن اپنے (مقرب) فرشتوں سے فرمائیں گے کہ میرے اس بندے نے مجھ سے ایک عہد لیا ہے، تم اس کو پورا کرو۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ اس کو (محض اپنے فضل وکرم سے) جنت میں داخل فرمادیں گے۔1 (راوی حدیث) حضرت سہیل ؒ کہتے ہیں کہ میں نے قاسم بن عبد الرحمن کو بتلا یا کہ عوف نے مجھے ایسی ایسی (یعنی مذکورہ بالا) حدیث سنائی ہے تو اس پر حضرت قاسم نے فرمایا (اس میں تعجب کی کیا بات ہے) ہمارے گھر کی تو ہر پر دہ نشین (یعنی بالغ) لڑکی اپنے پر دے (گھر) میں اس دعا کو پڑھا کرتی ہے۔1تحمید (اللہ کی حمد) کا ایک اور طریقہ ۱۔ اس طرح اللہ کی حمد وثنا کیا کرے: اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ حَمْدًا کَثِیْرًا طَیِّبًا مُّبَارَکًا فِیْہِ کَمَا یُحِبُّ رَبُّنَا وَیَرْضٰی۔ سب تعریف اللہ کے لیے ہی ہے، ایسی تعریف جو بہت زیادہ ہے پا کیزہ اور بر کت والی ہے جیسی ہمارا رب چاہتا اور پسند کرتا ہے۔ فائدہ: حدیث شریف میں آیا ہے کہ (ایک آدمی رسول اللہﷺ کی مجلس میں حاضر ہوا تو) جب وہ آدمی بیٹھ گیا اور اس نے مذکورہ بالا کلمات کہے تو رسول اللہﷺ نے فرمایا: قسم ہے اس ذات کی، جس کے قبضہ میں میری جان ہے کہ جو نہی اس شخص نے یہ کلمات کہے، دس فرشتے ان کی طرف لپکے، ہر ایک حریص تھا کہ میں ان کو لکھ لوں، لیکن ان کی یہ سمجھ میں نہ آیا کہ ان کو کس طرح لکھیں(یعنی ان کا ثواب کتنا لکھیں) چنانچہ رب العزت کے سامنے ان کو پیش کیا تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ان کو ایسے ہی لکھ لو جیسے میرے بندے نے کہا ہے(میں خود ان کا ثواب دوں گا)۔2باب سوم :استغفار اور اس کی فضیلت