حصن حصین مترجم اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ بِرَحْمَتِکَ الَّتِیْ وَسِعَتْ کُلَّ شَیْئٍ اَنْ تَغْفِرَ لِیْ ذُنُوْبِیْ۔4 اے اللہ میں تیری اس رحمت سے جو ہر چیز پرمحیط ہے تجھ سے سوال کرتا ہوں کہ تو میرے (تمام) گناہ بخش دے۔ ۳۔ اگر کسی اور (عزیز قریب یا دوست احباب) کے ہاں روزہ کھولے تو یہ دعا کرے: اَفْطَرَ عِنْدَ کُمُ الصَّائِمُوْنَ وَاَکَلَ طَعَامَکُمُ الْاَبْرَارُ وَصَلَّتْ عَلَیْکُمُ الْمَلٰـئِکَۃُ۔5 خدا کرے (اسی طرح) تمہارے ہاں روزہ دار روزہ کھولیں اورنیک لوگ تمہارا کھانا کھائیں اور فرشتے تمہارے لیے دعائے رحمت کریں۔کھانا سامنے آنے، کھانے، کھانے سے فارغ ہونے کے آداب اور دعائیں ۱۔ جب کھانا سامنے آجائے تو بِسْمِ اللّٰہِ کہے اور دائیں ہاتھ سے اپنے سامنے سے کھائے، کھاناتنہا تنہا نہ کھائیں، بلکہ سب ساتھ بیٹھ کر کھائیں۔ فائدہ : حدیث شریف میں آیا ہے کہ جس کھانے پر بِسْمِ اللّٰہِ نہ پڑھی جائے، شیطان اس پر قبضہ کرلیتا ہے۔1 ۲۔ ایک اور حدیث میں آیا ہے کہ صحابہ نے عرض کیا یارسول اللہ! ہم کھانا تو کھاتے ہیں، مگر سیر نہیںہوتے، آپ نے فرمایا:تو شاید تم علیحدہ علیحدہ کھاتے ہوگے۔ صحابہ نے عرض کیا: جی ہاں، آپ نے فرمایا: تو تم اکٹھے ہوکر ایک ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا کرو اور بِسْمِ اللّٰہِ پڑھ لیا کرو تو اللہ تعالیٰ برکت عطا فرمائیں گے۔2 ۳۔ ایک اور حدیث میں آیا ہے کہ یہودی عورت نے جو زہریلی بکری حضورﷺ کو ہدیہ میں پیش کی تھی، آپ نے صحابہ کے ساتھ بیٹھ کر اس کا گوشت تناول [کھانا] فرمایا تھا۔ اس وقت صحابہ کو حکم دیا کہ بِسْمِ اللّٰہِ پڑھ کر کھائو۔ چنانچہ جن صحابہ نے (اس کا گوشت) کھایا ان میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔3