حصن حصین مترجم اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
۲۔ بیماری کے زمانہ میں یہ دعا پڑھا کرے: لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُ، لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ، لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ، لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ، لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ۔ اللہ کے سوا کوئی معبودنہیں، اور اللہ ہی سب سے بڑا ہے، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ یکتا (یگانہ) ہے، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، اس کا کوئی شریک نہیں، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، اسی کا (تمام) ملک ہے، اسی کے لیے (سب) تعریف ہے، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور کوئی بھی طاقت و قوت اللہ کے سوا (میسر) نہیں۔ فائدہ: حدیث شریف میں آیا ہے کہ جو شخص اپنی بیماری کے زمانہ میں مذکورہ بالا کلمات پڑھتا رہا اور وفات پاگیا تو دوزخ کی آگ اس کو نہ کھا سکے گی۔3شہادت کا یا مدینہ میں وفات پانے کا شوق اور دعا ۱۔ صدق دل اور سچے شوق سے یہ دعاکیا کرے: اَللّٰھُمَّ ارْزُقْنِیْ شَھَادَۃً فِیْ سَبِیْلِکَ، وَاجْعَلْ مَوْتِیْ بِبَلَدِ رَسُوْلِکَ۔ اے اللہ! مجھے اپنے راستہ میں شہادت نصیب فرما اور اپنے رسول (ﷺ) کے شہر (مدینہ) میں مجھے موت دے۔ فائدہ ۱: حدیث شریف میں آیا ہے: جو شخص صدق دل سے اللہ کی راہ میں شہید ہونے کی دعا مانگے گا، وہ اگرچہ بستر پر پڑ کر مر ے، اللہ تعالیٰ اس کو شہیدوں کے درجوں میں پہنچا دے گا۔1 فائدہ ۲: نیز حدیث میں آیا ہے: جو شخص صدق دل سے شہاد ت کا طلبگار ہوگا، اس کو شہادت کا درجہ دے دیا جائے گا، اگرچہ بظاہر شہادت میسر نہ آئے۔2 فائدہ ۳: نیز حدیث شریف میں آیا ہے: جس شخص نے سچے دل سے اللہ کے راستہ میں قتل ہونے کی دعامانگی پھر (چاہے اپنی موت) مرجاوے یا قتل کردیا جائے، (بہر صورت) اس کو شہید کا ثواب ملے گا۔3