احتساب قادیانیت جلد نمبر 59 |
|
میں نے آیت ہذا کو بغور وخوض پڑھا اور یقین کر لیا کہ چونکہ فقرہ: ’’غفرنا لہ‘‘ اور میرے والد مرحوم کے نام ’’غلام رسول‘‘ کا پہلا حرف ’’غ‘‘ دونوں جگہوں موجود ہے۔ اس لئے دونوں مقامات سے والد کا سال وفات برآمد ہونا ممکن ہے۔ چنانچہ جب میں نے دونوںمقامات کے اعداد حروف نکالے تو فقرہ آیت کے اعداد پورے تیرہ صد چھیاسٹھ (۱۳۶۶) نکلے جو والد کا سال وفات ہے اور والد کے نام کے اعداد تیرہ صد ستاسٹھ (۱۳۶۷) برآمد ہوئے۔ پھر میں نے خیال کیاکہ فقرۂ آیت مرکب تام ہے اور والد کا نام مرکب ناقص ہے۔ کیونکہ مرکب اضافی ہے۔ لہٰذا یہاں پر ایک حرف کو کم کرنا ہوگا اور وہ حرف الف ہے۔ اب اگر اس نام کو قرآنی رسم الخط کی بناء پر برخاستہ زبر کے ساتھ ’’غُلَامُ رَسُوْلٍ‘‘ لکھا جائے تو پھر بھی آپ کا سال وفات (۱۳۶۶) نکل آتا ہے۔ نتیجہ یہ رہا کہ آپ کی تمام زندگی رسول اﷲa کی غلامی میں گذری اور آپ کی وفات مغفرت خداوندی پر ہوئی اور میرا اعدادی استدلال میرا ایک نشان بن گیا۔ نشان چہارم یہ ہے کہ میرا بھتیجا حافظ عبدالمجید اپنی پیدائش کے تین دن بعد یتیم الام ہوگیا۔یعنی اس کی ماں مرگئی اور اس کی خالہ اس کو اٹھا کر تربیت کے لئے اپنے گھر لے گئی۔ جب بچہ تین سال کا ہوگیا تو اس کو بندش پیشاب کا عارضہ پیدا ہوگیا۔ متعدد ڈاکٹروں اور اطبّاء کے زیر علاج آیا۔ مگر صحیح طور پر افاقہ نہ ہوا اور ہمیں سخت پریشانی لاحق ہوئی۔ میری بیوی ایک صالحہ اور پابند صوم وصلوٰۃ عورت تھی۔ بعض دفعہ اس کو خواب کے اندر ایک سفید ریش سبز پوش بزرگ دیکھنے میں آتا تھا۔ میں نے بیوی سے کہا کہ اگر وہی بزرگ خواب کے اندر دیکھنے میں آئے تو اسے میرا سلام کہہ کر بچے کی تکلیف بیان کر دینا اور پھر رفع تکلیف کے لئے بالضرور علاج دریافت کرلینا۔ میری ہدایت پر میری بیوی کی خواب کے اندر اس مرد صالح اور خواب کے شیخ وقت سے گفتگو ہوئی اور علاج دریافت کیاگیا تو اس بزرگ نے ’’نمک بکھڑا‘‘ کو باترکیب خاص تیار کر کے استعمال کرانے کی ہدایت کی۔ میں نے حسب ہدایت تعمیل کی اور بچہ کی پتھری ریت بن کر بذریعہ پیشاب خارج ہوگئی اور بچہ تندرست ہوگیا اور وہ آج کل ایک نوجوان اور حافظ القرآن مرد ہے اور اس کی بچگانہ تکلیف نے کبھی بھی اس میں عود کرنے کی جرأت نہیں کی۔ چونکہ میں اس بزرگ کی ہدایت کا عامل بنا اس لئے میں بھی شریک نشان رہا۔ نشان پنجم یہ ہے کہ میں نے طالب علمی کے وقت میں دیوان حسانؓ کے چند قصائد کی عربی شرح