ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
|
ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ انسان کو چاہیے کہ کوئی بات ایسی نہ کرے کہ جس سے دوسرے کو تکلیف اور اذیت پہنچے ۔ یہ نصف سلوک بلکہ ایک معنے میں کل سلوک ہے ۔ (91) ہر چیز کو زوال ہے ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ حکومت ہی کی کیا تخصیص ہے ایک خاص حالت میں ہر چیز کو زوال ہے چاہے وہ حکومت ہو یا قوت اور شجاعت ہو مال ہو عزت ہو جاہ ہو علم ہو عمل ہو فضل ہو کمال ہو ۔ اور وہ یہ ہے کہ یہ شخص اس کو اپنا کمال سمجھنے لگے ۔ عطیہ خداوندی نہ سمجھے اور راز اس کا یہ ہے کہ اس کو اپنا کمال سمجھ کر اس میں حقوق کی طرف نظر نہیں رہتی اسی لئے اس امانت سے برطرف کر دیا جاتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ کل ہمارے پاس سب کچھ تھا آج کچھ بھی نہیں ۔ (92) مختلف بزرگوں سے ملنا مناسب نہیں ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ یہ بھی آج کل بعض لوگوں کا طریقہ ہو گیا ہے کہ مختلف بزرگوں سے ملتے پھرتے ہیں اس سے حالت میں گڑ بڑ ہو جانے کا اندیشہ ہے ۔ غالبا سا معین کے نزدیک یہ ایک نئ بات مگر ہے تجربہ کی ۔ میں اپنے دوستوں کو اس سے منع کرتا ہوں ۔ (93) خود کو افضل سمجھنا ناجائز ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ کسی عالم کو اس جاہل کے مقابلہ میں اپنے کو اکمل سمجھنا تو جائز ہے مگر افضل سمجھنا جائز نہیں جیسے ایک شخص کو پندرہ پارہ یاد ہیں ۔ اور پچاس جگہ بھولتا ہے ۔ اور ہم کو سارا قرآن شریف یاد ہے اور پچاس برس تک بھی پچاس جگہ نہیں بھولے تو اکمل تو سمجھیں گے افضل نہ سمجھیں گے اور اس کو اکمل سمجھنا ناجائز اور اپنے کو افضل سمجھنا ناجائز ۔ (94) حضرت حاجی صاحب کی عجیب تواضع ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ کیا کوئی اس بات پر ناز کرے ہمارے حضرت حاجی صاحب رحمتہ اللہ علیہ کی یہ حالت تھی کہ جب کوئی مشائخ میں سے ملاقات کےلئے آتے اور حضرت